
کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے کئی سال سے زیر التوا انرجی ڈرنک کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے میزان بیوریجز پرویٹ لمیٹڈ پر 15 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا۔
یہ 2026 کا کمیشن کا پہلا بڑا جرمانہ ہے جو گمراہ کن مارکیٹنگ اور معروف برانڈ کی نقل پر کیا گیا۔
سی سی پی کے فیصلے کے مطابق، میزان بیوریجز نے اپنے انرجی ڈرنک ’اسٹورم‘ کی پیکجنگ، رنگ، بوتل کی شکل، تحریر اور مجموعی ڈیزائن میں پیپسی کو کے مشہور برانڈ ’اسٹنگ‘ کی نقل کی، جس سے صارفین کو گمراہ کیا گیا اور میزان نے ’اسٹنگ‘ کی شہرت سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔
یہ کیس 2018 میں پیپسی کو کی شکایت پر شروع ہوا تھا۔ انکوائری کے دوران میزان بیوریجز نے عدالتی کارروائیوں اور اسٹے آرڈرز کے ذریعے تاخیر کی، تاہم لاہور ہائی کورٹ نے میزان کی اپیل کو ناقابل سماعت اور تاخیری حربہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔
کمیشن نے واضح کیا کہ ٹریڈ مارک کی رجسٹریشن کمپٹیشن قانون سے استثنیٰ فراہم نہیں کرتی اور معروف برانڈز کی نقل یا کاپی کیٹ برانڈنگ کمپٹیشن ایکٹ کی صریح خلاف ورزی ہے۔
سی سی پی نے کہا کہ گمراہ کن پیکجنگ اور نقل برانڈنگ پر مستقبل میں بھی سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ منصفانہ مقابلے کو یقینی بنایا جا سکے۔
UrduLead UrduLead