منگل , جنوری 27 2026

PHF کا انجم سعید کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے پرو ہاکی لیگ کے ارجنٹائن دورے کے دوران ٹیم مینجر کی ذمہ داریاں نبھانے والے انجم سعید کے خلاف ڈسپلنری کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق انجم سعید پر جہاز میں سگریٹ نوشی کا الزام عائد کیا گیا ہے جسے ڈسپلن کی سنگین خلاف ورزی تصور کیا جا رہا ہے۔

فیڈریشن کے پاس ان پر جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیم مینجر کے عہدے سے ہٹانے کا آپشن بھی موجود ہے۔اطلاعات کے مطابق واپسی کے سفر کے دوران انجم سعید کو مبینہ طور پر سگریٹ نوشی کی وجہ سے جہاز سے آف لوڈ کر دیا گیا تھا، جس کے بعد وہ ٹیم کے ہمراہ لاہور نہیں پہنچے بلکہ دو دن تاخیر سے وطن واپس آئے۔

انجم سعید نے میڈیا کے سامنے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جہاز میں سگریٹ نوشی یا آف لوڈ کیے جانے کی کوئی بات نہیں ہوئی بلکہ وہ دبئی میں ذاتی اور پیشہ ورانہ کام کی وجہ سے رک گئے تھے، اس لیے ٹیم کے ساتھ براہ راست واپس نہیں آ سکے۔

پی ایچ ایف ابھی تک اس معاملے پر سرکاری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کر سکی، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ہی ڈسپلنری کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا جہاں انجم سعید کو اپنا موقف پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ کارروائی کا حتمی فیصلہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم حال ہی میں پرو ہاکی لیگ کے میچز کھیلنے ارجنٹائن گئی تھی جہاں سے واپسی پر یہ متنازع معاملہ سامنے آیا ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

مہنگائی اور شرح نمو پررپورٹ جاری

ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلیجنس نے پاکستان کے لیے اپنی تازہ معاشی پیشگوئیاں جاری …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے