منگل , جنوری 27 2026

دنیا بھر میں نئے سال 2026 کا شاندار استقبال

آکلینڈ اور سڈنی میں آتش بازی کے حسین مناظرعالمی سطح پر 2025 کو الوداع کہتے ہوئے 2026 کا آغاز ہو گیا ہے۔

بحرالکاہل کے جزائر سے شروع ہونے والا یہ سلسلہ رنگا رنگ آتش بازی، عوامی اجتماعات اور روایتی تقریبات کے ساتھ دنیا بھر میں پھیل گیا۔

سال نو کا آغاز سب سے پہلے کیریباتی کے جزیرہ کریٹیمیسی (کرسمس آئی لینڈ) سے ہوا، جو دنیا کا پہلا آباد مقام ہے جہاں 2026 داخل ہوا۔

اس کے بعد نیوزی لینڈ نے نئے سال کا استقبال کیا جہاں سب سے بڑا شہر آکلینڈ دنیا کا پہلا بڑا شہر بنا جس نے 2026 کو خوش آمدید کہا۔آکلینڈ میں اسکائی ٹاور سے شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔

بارش کے باوجود ہزاروں شہری جمع ہوئے اور رات 12 بجتے ہی آسمان رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔ پانچ منٹ کے ڈسپلے میں 3500 سے زائد آتش بازی استعمال کی گئی۔

نیوزی لینڈ کے دو گھنٹے بعد آسٹریلیا میں نئے سال کی آمد ہوئی۔ سڈنی میں ہاربر برج اور اوپیرا ہاؤس کے قریب لاکھوں افراد جمع ہوئے۔ حالیہ بونڈائی بیچ حملے کی وجہ سے سیکیورٹی انتہائی سخت تھی اور جشن میں غم کا رنگ بھی شامل تھا۔

رات 11 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور برج پر امن و اتحاد کے پیغامات پروجیکٹ کیے گئے۔ پھر آدھی رات کو شاندار آتش بازی شروع ہوئی جو دنیا بھر میں مشہور ہے۔

اس کے بعد جاپان، جنوبی کوریا، چین، فلپائن، ملائیشیا، سنگاپور، ہانگ کانگ، تھائی لینڈ اور دیگر ایشیائی ممالک میں نئے سال کا آغاز ہوا۔ جاپان میں روایتی طور پر مندر میں گھنٹیاں بجائی گئیں جبکہ کئی ممالک میں آتش بازی اور عوامی تقریبات منعقد ہوئیں۔

دنیا میں نئے سال کا استقبال کرنے والا آخری آباد علاقہ امریکی ساموا ہوگا، جبکہ غیر آباد بیکر اور ہاؤلینڈ آئی لینڈز سب سے آخر میں 2026 میں داخل ہوں گے۔یوں دنیا بھر میں امید، خوشی اور نئی شروعات کے پیغام کے ساتھ 2026 کا آغاز ہو گیا ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

مہنگائی اور شرح نمو پررپورٹ جاری

ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلیجنس نے پاکستان کے لیے اپنی تازہ معاشی پیشگوئیاں جاری …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے