
محمد ارسلان
متحدہ عرب امارات کے شہرِ دبئی میں نئے سال 2026 کے پرتکلف استقبال کے لیے پہلی بار 8 روزہ خصوصی جشن کا اعلان کیا گیا ہے۔
یہ تقریبات 31 دسمبر 2025 سے 7 جنوری 2026 تک جاری رہیں گی، جن میں برج خلیفہ پر شاندار آتش بازی، لیزر شو، ڈرون ڈسپلے، لائیو پرفارمنسز، اسٹریٹ پریڈز اور دبئی فاؤنٹین کے سنکرونائزڈ شوز شامل ہوں گے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایمار پراپرٹیز کی جانب سے ڈاؤن ٹاؤن دبئی کو ایک بڑے کثیر المقاصد سٹیج میں تبدیل کیا جائے گا، جہاں برج خلیفہ، دبئی مال پرومیناڈ اور برج خلیفہ جھیل سمیت متعدد مقامات پر رنگارنگ تقریبات منعقد ہوں گی۔
مرکزی تقریب 31 دسمبر کی رات کو ہوگی، جہاں برج خلیفہ پر دنیا بھر میں مشہور آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا، جبکہ لیزر، لائٹ شوز اور دیگر عناصر 7 جنوری تک جاری رہیں گے۔
اس سال کی تقریبات میں بالی ووڈ کا خاص ٹچ بھی شامل ہے، جو شاہ رخ خان کی کمپنی کے تعاون سے پیش کیا جائے گا۔ برج پارک میں ٹکٹڈ ایونٹس، فوڈ ٹرکس، لائیو انٹرٹینمنٹ اور فیملی ورکشاپس بھی دستیاب ہوں گی۔
ٹریفک کے انتظام کے لیے حکام نے شہریوں کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ ڈاؤن ٹاؤن دبئی کے گرد متعدد سڑکیں مرحلہ وار بند کی جائیں گی، جبکہ متبادل روٹس استعمال کرنے اور پبلک ٹرانسپورٹ کا سہارا لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دبئی میٹرو مسلسل 43 گھنٹے چلے گی تاکہ لاکھوں افراد کی آمدورفت آسان ہو۔
UrduLead UrduLead