
وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان آج (26 دسمبر 2025) کو سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔
یہ ان کا صدرِ مملکت کے طور پر پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے، جس کے ہمراہ وزراء اور سینئر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا۔
دورے کے موقع پر معزز مہمان کا شاندار استقبال کیا جائے گا، جبکہ پاک فضائیہ کے جنگی طیارے فضا میں سلامی پیش کریں گے۔ شیخ محمد بن زاید النہیان صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
دفترِ خارجہ کی ترجمان کے مطابق، یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔
ملاقاتوں میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقیاتی منصوبوں اور علاقائی استحکام سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دورے کے تناظر میں اسلام آباد میں آج مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے اور نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، تاکہ سیکیورٹی اور پروٹوکول انتظامات بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل کیے جا سکیں۔
شہر کی اہم شاہراہوں پر پاکستان اور یو اے ای کے پرچم لہرائے گئے ہیں اور سرکاری عمارتوں کو خصوصی طور پر سجایا گیا ہے۔
UrduLead UrduLead