بدھ , دسمبر 24 2025

کابینہ کمیٹی کا جامع انرجی پلاننگ اور آزاد بجلی مارکیٹ کا فیصلہ

کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے ملک میں طویل المدتی اور مؤثر انرجی پلاننگ کے لیے مربوط نظام کی منظوری دے دی، جس کے تحت وفاقی اور صوبائی سطح پر توانائی کی ضروریات، کھپت اور پیداوار کی مشترکہ منصوبہ بندی کی جائے گی۔

اس فیصلے کے بعد توانائی سے متعلق مختلف وفاقی اور صوبائی اداروں کی علیحدہ علیحدہ پلاننگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔ اب ایک ہی ادارہ مربوط انداز میں ملک گیر انرجی پلاننگ کا فریضہ انجام دے گا، جس سے پالیسی سازی کے عمل میں ہم آہنگی اور معاونت میسر آئے گی۔

کابینہ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق جامع انرجی پلاننگ کے لیے پاور ڈویژن کے ادارے پی پی ایم سی میں ایک باقاعدہ سیکریٹریٹ قائم کیا جائے گا۔ پاور ڈویژن کو انرجی پلاننگ کی مجموعی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے، جس میں توانائی کے تمام ذرائع، بالخصوص گرین انرجی کے فروغ پر توجہ دی جائے گی۔

اجلاس میں کابینہ کمیٹی نے بجلی کے شعبے میں ایک اور اہم اور تاریخی منظوری بھی دی۔ ملک میں بجلی کی ہول سیلنگ سے متعلق فیصلے کے بعد آزاد انرجی مارکیٹ کے قیام کی بنیاد رکھ دی گئی ہے، جسے توانائی کے شعبے میں بڑی اصلاح قرار دیا جا رہا ہے۔

فیصلے کے مطابق مسابقتی عمل، منظوری، شرکت اور دیگر اہم امور کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے۔ اس کے تحت بجلی کی خرید و فروخت کے لیے مسابقتی ٹریڈنگ بائی لیٹرل کنٹریکٹ مارکیٹ، یعنی سی ٹی بی سی ایم، کے طریقہ کار کو نافذ کیا جائے گا۔

حکومتی پالیسی کے مطابق اب بجلی کے نئے حکومتی معاہدے نہیں کیے جائیں گے۔ حکومت بتدریج بجلی کی خریداری کے عمل سے نکل جائے گی، جس کے بعد نجی شعبے کے ذریعے بجلی کی خرید و فروخت کو فروغ ملے گا۔

اس فیصلے کے تحت ابتدائی مرحلے میں 800 میگاواٹ بجلی کے لیے مسابقتی بولی کا عمل شروع کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق اس عمل کو شفاف بنایا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کار اور توانائی کے شعبے کے اسٹیک ہولڈرز اس میں شرکت کر سکیں۔

کابینہ کمیٹی نے بجلی کے آکشن کے انعقاد کی ذمہ داری پاور ڈویژن کے ماتحت ادارے آئی ایس ایم او کو سونپ دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے بجلی کی قیمتوں میں شفافیت، مسابقت اور طویل المدتی استحکام پیدا ہوگا، جبکہ ملک میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

سردی کی شدت اور مچھلی کی لذت: پاکستانی دسترخوانوں کی رونق دوبارہ لوٹ آئی

جیسے ہی پاکستان میں سردی کی لہر ڈیرے ڈالتی ہے، ملک بھر کے بازاروں اور …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے