لیگ 26 مارچ 2026 سے 3 مئی تک منعقد ہوگی

نیو یارک: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے نیو یارک میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے روڈ شو کے دوران گیارہویں ایڈیشن کی تاریخوں کا باضابطہ اعلان کر دیا۔
پی ایس ایل 11 کا انعقاد 26 مارچ 2026 سے شروع ہو کر 3 مئی 2026 تک ہوگا۔
یہ روڈ شو نیو یارک میں منعقد ہوا جس میں پی سی بی کے عہدیداران، قومی کرکٹرز بشمول سلمان علی آغا، ابرار احمد، فہیم اشرف، سائم ایوب، شان مسعود اور سعود شکیل کے علاوہ سابق کرکٹرز رمیز راجہ اور وسیم اکرم نے بھی شرکت کی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو انعامات دینے سے ان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور پی سی بی کے ساتھ پی ایس ایل کے آرگنائزرز مل کر کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے اور پی ایس ایل میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خاطر خواہ منافع مل رہا ہے۔ پی سی بی اور پی ایس ایل کی انتظامیہ کرکٹ کی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ نے کہا کہ پی ایس ایل کے انعقاد سے پاکستان کے نوجوان کرکٹرز کو عالمی سطح کے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا قیمتی موقع ملتا ہے جو ان کی مہارت میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔
لیجنڈری فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کے کرکٹ شائقین کے لیے بہترین تفریح کے مواقع فراہم کر رہی ہے اور یہ لیگ مجموعی طور پر کرکٹ کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کا گیارہواں ایڈیشن آٹھ ٹیموں پر مشتمل ہوگا کیونکہ دو نئی فرنچائزز شامل کی جا رہی ہیں۔ اس روڈ شو کا مقصد عالمی سرمایہ کاروں کو لیگ میں دلچسپی لینے کی دعوت دینا بھی تھا۔
UrduLead UrduLead