
انگلش لینگویج ٹیسٹنگ سسٹم (آئی ایل ٹی ایس) میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے ہزاروں امیدواروں کے ریڈنگ اور لسننگ سیکشنز کے سکورز غلط نکلے۔ یہ غلطی اگست 2023 سے ستمبر 2025 تک دیے گئے کچھ ٹیسٹوں میں ہوئی۔
آئی ایل ٹی ایس کے مطابق 99 فیصد سے زیادہ ٹیسٹ درست تھے، یعنی صرف ایک فیصد سے کم متاثر ہوئے، جو ہزاروں کی تعداد میں بنتے ہیں۔
برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کے مطابق، جن امیدواروں کے سکورز غلطی سے زیادہ آئے اور ان کی بنیاد پر برطانیہ یا دیگر ممالک کے ویزے صادر ہوئے، اب ان ویزوں کی حیثیت پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
دوسری طرف، چین، بنگلادیش اور ویتنام میں آئی ایل ٹی ایس ٹیسٹوں میں دھاندلی اور دھوکہ دہی کے الگ الگ کیسز بھی سامنے آئے ہیں، جن میں پراکسی ٹیسٹ اور پیپر لیک کے الزامات شامل ہیں۔
برطانیہ میں اپوزیشن کنزرویٹو پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ غلط سکورز کی بنیاد پر ویزہ حاصل کرنے والوں کو ملک بدر کیا جائے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور مستقبل میں ٹیسٹنگ کے عمل کو مزید سخت بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ ہر سال دنیا بھر میں تقریباً 35 سے 40 لاکھ افراد آئی ایل ٹی ایس امتحان دیتے ہیں۔ متاثرہ امیدواروں کو ای میل کے ذریعے درست شدہ سکورز بھیجے جا رہے ہیں۔ اگر آپ نے اس عرصے میں ٹیسٹ دیا ہے تو اپنے سکورز کی دوبارہ تصدیق کر لیں۔
UrduLead UrduLead