بدھ , نومبر 12 2025

ڈی آئی خان میں پاکستان کسٹمز کی کارروائی، 91 کروڑ روپے مالیت کی آئس برآمد


فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ماتحت پاکستان کسٹمز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں انسدادِ اسمگلنگ کی ایک بڑی کارروائی کے دوران غیر ملکی ساختہ منشیات آئس (Crystal Methamphetamine) کی بھاری مقدار برآمد کر لی۔ برآمد شدہ منشیات کی مالیت تقریباً 91 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔

ترجمان ایف بی آر کے مطابق، کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ ٹیم نے کلکٹر کسٹمز (انفورسمنٹ) پشاور کی ہدایت پر اور ڈپٹی کلکٹر کسٹمز ڈی آئی خان-II کی جانب سے ملنے والی مصدقہ اطلاع پر کارروائی کی۔ کارروائی جے سی پی امان میلہ کے مقام پر کی گئی جہاں ایک مسافر ڈائیو بس (رجسٹریشن نمبر CAT-4488) سے مشتبہ سامان برآمد ہوا۔

تفصیلی تلاشی کے دوران بس میں نصب تین خصوصی طور پر تیار کردہ انورٹرز سے 15 پیکٹس برآمد ہوئے جن میں آئس (Crystal Methamphetamine) چھپائی گئی تھی۔ برآمد شدہ منشیات کا مجموعی وزن 15,350 گرام نکلا، جس میں سے خالص وزن 15,200 گرام مقرر کیا گیا۔ کسٹمز حکام کے مطابق ضبط شدہ بس کی مالیت تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے ہے، یوں مجموعی کارروائی کی مالیت 92.5 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔

کسٹمز کے مطابق منشیات کو سرکاری گودام منتقل کیا جا رہا تھا کہ اس دوران نامعلوم شرپسندوں نے کسٹمز ٹیم پر فائرنگ کر دی۔ ترجمان نے بتایا کہ “حملہ بظاہر برآمد شدہ منشیات کی بھاری مالیت کے پیشِ نظر کسٹمز اہلکاروں کو نقصان پہنچانے کی نیت سے کیا گیا۔” تاہم، کسٹمز عملے نے پیشہ ورانہ مہارت اور جرات مندی کے ساتھ کارروائی کی اور تمام اہلکار محفوظ رہے۔

ترجمان کے مطابق پاک فوج اور پولیس کے اہلکار بھی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور کسٹمز ٹیم کو سیکیورٹی فراہم کی۔ برآمد شدہ منشیات اور عملے کو بحفاظت سرکاری گودام ڈی آئی خان پہنچا دیا گیا۔

ایف بی آر نے کہا کہ یہ کارروائی اسمگلنگ اور منشیات کی غیر قانونی تجارت کے خلاف ایف بی آر کے عزم کی عکاس ہے۔
پاکستان کسٹمز نے واضح کیا کہ اسمگلنگ اور منشیات کی ترسیل کے خلاف ملک بھر میں کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ معیشت اور معاشرے کو منشیات کے نقصانات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

سرد موسم میں جلد کی خشکی میں اضافہ، وجوہات اور احتیاطی تدابیر

سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی ملک بھر میں درجہ حرارت میں کمی کے باعث …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے