ہفتہ , دسمبر 27 2025

اسلام آباد کچہری کے باہر خودکش دھماکا — ابتدائی رپورٹ جاری، 12 افراد شہید، 27 زخمی

اسلام آباد کچہری کے باہر ہونے والے خودکش دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ منظرِ عام پر آگئی ہے، جس کے مطابق حملہ آور پیدل آیا اور کچھ دیر تک گیٹ کے قریب بیٹھا رہا۔ جب وہ سکیورٹی چیکنگ سے گزرنے میں ناکام رہا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملہ آور غالباً کچہری کے اندر داخل ہونا چاہتا تھا مگر سخت سکیورٹی کے باعث وہ باہر ہی رک گیا۔ دھماکے کے وقت 35 سے 40 افراد جائے وقوعہ پر موجود تھے۔

12 شہید، 27 زخمی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر میڈیا کو بتایا کہ دھماکا دوپہر 12 بج کر 39 منٹ پر ہوا، جس میں 12 افراد شہید اور 27 زخمی ہوئے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ خودکش حملہ آور کچہری کے اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا، لیکن سکیورٹی چیکنگ کے باعث موقع نہ ملنے پر اس نے پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکا کیا۔

“حملہ آور کی شناخت اولین ترجیح ہے”

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح خودکش حملہ آور کی شناخت اور اس کے سہولت کاروں کو بے نقاب کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وانا میں بھی گزشتہ روز ایک کار سوار خودکش حملہ آور نے انٹری پوائنٹ پر خود کو اڑایا، جس میں افغانستان کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ “کچہری حملے میں ملوث عناصر کو ہر صورت انجام تک پہنچایا جائے گا، افغانستان کو واضح شواہد پیش کیے گئے ہیں کہ کس طرح وہاں دہشتگردوں کو تربیت دی جا رہی ہے۔”

سکیورٹی ہائی الرٹ

دھماکے کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے، جب کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے خودکش حملہ آور کی شناخت، ٹریننگ نیٹ ورک اور رابطوں کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق واقعے کی تحقیقات سی ٹی ڈی، آئی بی اور دیگر حساس ادارے مشترکہ طور پر کر رہے ہیں، جب کہ جائے وقوعہ سے شواہد اور ڈی این اے سیمپلز اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔

پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور مشتبہ سرگرمیوں کی اطلاع فوراً متعلقہ اداروں کو دیں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک بھر میں سردی کی لہر برقرار: محکمۂ موسمیات

محکمۂ موسمیات نے جمعہ کے لیے ملک کے بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک موسم …