معروف گلوکار نے دبئی کے ریڈیو شو میں بتایا کہ ڈمپل کے والد ان کے کزن تھے، اور وہ 1984 میں کراچی آئے تھے

پاکستان کے نامور گلوکار، گیت نگار اور سابق بینڈ اسٹرنگز کے بانی رکن فیصل کپاڈیا نے پہلی بار بھارتی اداکارہ ڈمپل کپاڈیا سے اپنے خاندانی رشتے کا انکشاف کیا ہے۔ دبئی کے معروف ریڈیو اسٹیشن سٹی 1016 کے پوڈکاسٹ انٹرویو میں فیصل کپاڈیا نے بتایا کہ ڈمپل ان کی بھتیجی ہیں۔
انٹرویو کے دوران فیصل کپاڈیا نے کہا، “ڈمپل کپاڈیا میرے کزن چنّی بھائی کپاڈیا کی بیٹی ہیں۔ وہ میرے چچا زاد بھائی تھے۔ ڈمپل کے والد مرحوم چنّی بھائی کپاڈیا 1984 میں ہمارے ایک رشتہ دار کی شادی میں شرکت کے لیے کراچی آئے تھے۔ اس شادی میں میں نے گانا گایا تھا۔ اس وقت چنّی بھائی نے مجھ سے کہا تھا کہ ‘میں تمہیں ایک دن بالی ووڈ لے جاؤں گا۔’ افسوس کہ وہ اس سے پہلے ہی انتقال کر گئے۔”
فیصل کپاڈیا نے مزید کہا کہ اگرچہ چنّی بھائی کپاڈیا اپنا وعدہ پورا نہ کر سکے، مگر قسمت نے بعد میں ایسا موڑ لیا کہ وہ بالآخر بالی ووڈ پہنچ گئے اور انہوں نے “یہ میری کہانی” اور “اسپائیڈر مین” جیسے مشہور گانے گائے۔ انٹرویو کے دوران فیصل نے اپنے مشہور گانے کا ایک مختصر مونو لاگ بھی پیش کیا جسے سامعین نے بے حد سراہا۔
فیصل کپاڈیا، جو 1989 سے 2021 تک پاکستان کے مقبول ترین پاپ اور راک بینڈ اسٹرنگز کے روحِ رواں رہے، نے حال ہی میں اپنا نیا سنگل “پھر ملیں گے” ریلیز کیا ہے۔ بینڈ کے ساتھی بلال مقصود کے ساتھ ان کے گائے گئے مشہور گانے “دور”, “دھانی”, “سر کیے یہ پہاڑ” اور “نجانے کیوں” نے پاکستانی پاپ موسیقی میں نئی تاریخ رقم کی۔
فیصل کپاڈیا اس وقت سولو موسیقی پر کام کر رہے ہیں اور متعدد بار کوک اسٹوڈیو کا بھی حصہ رہ چکے ہیں۔ ان کے مداحوں کے مطابق، ڈمپل کپاڈیا سے خاندانی تعلق کا انکشاف نہ صرف ایک دلچسپ خبر ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان فن کے ذریعے قائم تعلق کی ایک خوبصورت مثال بھی ہے۔
UrduLead UrduLead