بدھ , اکتوبر 29 2025

کراچی ایئرپورٹ پر 8.5 لاکھ ڈالر ڈیجیٹل کرنسی منتقلی کیس میں مزید پیشرفت

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نوجوان کے موبائل فون سے ساڑھے 8 لاکھ ڈالر مالیت کی ڈیجیٹل کرنسی مبینہ طور پر دوسرے اکاؤنٹ میں منتقل ہونے کے کیس میں پولیس نے متاثرہ شہری کا ابتدائی بیان ریکارڈ کرلیا ہے۔

ایس ایس پی ملیر عبدالخالق پیرزادہ کے مطابق پشاور کے رہائشی فیض یاب نے پولیس کو بتایا کہ کراچی ایئرپورٹ پر اہلکاروں نے اسے ایک کمرے میں لے جا کر اس کے موبائل فون تک رسائی حاصل کی، جس کے بعد اس کی ڈیجیٹل کرنسی مبینہ طور پر منتقل کر دی گئی۔ نوجوان نے مزید الزام لگایا کہ اس کا جی میل اور واٹس ایپ اکاؤنٹ بھی ہیک کرلیا گیا ہے اور اسے دھمکی آمیز کالز موصول ہورہی ہیں۔

پولیس کے مطابق متاثرہ نوجوان نے ایئرپورٹ کے اندر سے باہر نکلنے تک کے تمام حالات تفصیل سے بیان کیے اور نشاندہی کی کہ ملوث افراد سی سی ٹی وی فوٹیجز سے شناخت کیے جا سکتے ہیں۔ تاہم ایس ایس پی ملیر نے بتایا کہ فیض یاب کے بیان اور سی سی ٹی وی فوٹیجز میں تضاد پایا جاتا ہے۔ فوٹیجز کے مطابق نوجوان تقریباً 50 منٹ تک ایک ہی جگہ بیٹھا رہا اور ٹھیک حالت میں ایئرپورٹ سے نکلا، جبکہ اس نے بیان میں تشدد کا الزام لگایا ہے۔

تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا ہے کہ فیض یاب آن لائن کاروبار میں مختلف افراد کی سرمایہ کاری پر کام کرتا رہا اور کراچی طلحہ نامی شخص سے ملاقات کے لیے آیا تھا، تاہم اس شخص کے بارے میں تفصیلات تاحال فراہم نہیں کی گئیں۔

پولیس نے عدالتی حکم پر گریڈ 17 کے افسر کو تفتیش سونپ دی ہے۔ ایس ایس پی ملیر کے مطابق تفتیش سی سی ٹی وی فوٹیجز، ڈیجیٹل شواہد اور متاثرہ شخص کے بیان کی بنیاد پر جاری ہے اور رپورٹ مکمل ہونے کے بعد عدالت میں پیش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ مبینہ طور پر ڈیجیٹل کرنسی کی چوری کا واقعہ 30 ستمبر کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیش آیا تھا، جس کے بعد متاثرہ نوجوان نے مقدمے کی شنوائی نہ ہونے پر عدالت سے رجوع کیا تھا۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق اگر 30 روز کے اندر سی سی ٹی وی فوٹیجز محفوظ نہ کی گئیں تو وہ خودکار طور پر ضائع ہوسکتی ہیں، جس سے شواہد متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

لاہور اسموگ میں بدستور سرفہرست، اسکول اوقات کار میں تبدیلی

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں اسموگ کی شدت میں کمی نہ آنے پر صوبائی حکومت …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے