جمعرات , دسمبر 11 2025

پاکستان اور افغان طالبان مذاکرات کا دوسرا دور آج ترکیہ میں ہوگا

مذاکرات میں جنگ بندی کے بعد مانیٹرنگ میکنزم کے قیام پر غور کیا جائے گا

پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کا دوسرا اہم دور آج ترکیہ میں منعقد ہوگا، جس میں دونوں فریقین کے درمیان دہشت گردی کے خلاف تعاون اور جنگ بندی پر عمل درآمد کے لیے ٹھوس اور قابلِ تصدیق مانیٹرنگ میکنزم کے قیام پر بات چیت کی جائے گی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق مذاکرات کا یہ مرحلہ قطر اور ترکیہ کی مشترکہ ثالثی میں ہو رہا ہے۔ اس سے قبل پہلا دور دوحہ میں منعقد ہوا تھا، جس کے نتیجے میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان عارضی جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا تھا۔ اب ترکیہ میں ہونے والا اجلاس اس معاہدے کو عملی اور دیرپا بنانے کے لیے اگلا قدم سمجھا جا رہا ہے۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان ایک جامع، قابلِ تصدیق اور پائیدار طریقۂ کار کے قیام کی حمایت کرتا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان سرحد پار دہشت گردی، اسمگلنگ اور غیر قانونی نقل و حرکت کو روکا جا سکے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان عالمی قوانین، خصوصاً دریائے کنڑ سے متعلق بین الاقوامی معاہدوں کی پاس داری پر یقین رکھتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سیکیورٹی، انٹیلی جنس تعاون، اور مشترکہ سرحدی نگرانی کے طریقۂ کار پر بھی تفصیلی بات چیت متوقع ہے۔ ترکیہ اور قطر اس عمل میں ثالثی کا کردار برقرار رکھیں گے تاکہ مذاکرات کو نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔

علاقائی مبصرین کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ مکالمہ خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ اگر مانیٹرنگ میکنزم پر اتفاق ہو جاتا ہے تو یہ جنوبی ایشیا میں انسدادِ دہشت گردی کے تعاون کے لیے ایک نئے فریم ورک کی بنیاد ثابت ہو سکتا ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ایف آئی اے کا آف لوڈ اور ڈی پورٹ افراد کی تلاشی لازمی قرار

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر آف لوڈ اور ڈی …