اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوٹسز جاری کرتے ہوئے مختلف اداروں سے جواب طلب کر لیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ کو بند کرنے سے متعلق درخواست 4 نومبر 2025 کو سماعت کے لیے مقرر کر دی ہے۔ رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری کردہ کازلسٹ کے مطابق، جسٹس ارباب محمد طاہر اس مقدمے کی سماعت کریں گے۔
عدالت نے اس معاملے پر بانی پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر رکھا ہے، جبکہ نیشنل سائبر کرائم ایجنسی، سپرنٹنڈنٹ جیل اور دیگر متعلقہ فریقین سے بھی تحریری جواب مانگا گیا ہے۔
یہ درخواست شہری غلام مرتضیٰ نے اپنے وکیل بیرسٹر ظفر اللّٰہ کے ذریعے دائر کی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے “ایکس” اکاؤنٹ سے کیے گئے بیانات اور ٹوئٹس غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی ہیں، جنہیں ہٹا کر اکاؤنٹ بند کیا جائے۔
درخواست میں عدالت سے یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ قید کے دوران اس اکاؤنٹ سے مبینہ طور پر پھیلائی جانے والی اشتعال انگیز اور انتشار پیدا کرنے والی پوسٹس کو ہٹانے اور مزید پھیلاؤ سے روکنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔
یہ مقدمہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان میں سیاسی جماعتوں کی آن لائن سرگرمیوں پر ریاستی نگرانی میں اضافہ ہوا ہے۔ ماہرین کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہونے والی یہ سماعت سیاسی رہنماؤں کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اظہارِ رائے کی حدود کے تعین کے حوالے سے ایک اہم عدالتی پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔
UrduLead UrduLead