پیر , دسمبر 1 2025

فہد مصطفیٰ کے والد کا بیٹے کی محبت اور خلوص پر اظہارِ جذبات

پاکستانی اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ کے والد اور معروف ٹی وی فنکار صلاح الدین تونیو نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں اپنے بیٹے کے ساتھ جذباتی رشتے پر کھل کر بات کی

سینئر اداکار صلاح الدین تونیو، جو ماضی کے مقبول ڈراموں رنگ لگا، آج، بے قصور، اب دیکھ خدا کیا کرتا ہے،چھوٹی سی دنیا اور بلی کیا چاہتی ہے میں اپنی شاندار اداکاری کے باعث جانے جاتے ہیں، حال ہی میں RAK آفیشل کے پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے۔ گفتگو کے دوران انہوں نے اپنی فیملی، بیٹوں اور خاص طور پر فہد مصطفیٰ کے ساتھ تعلق پر دلچسپ انکشافات کیے۔

صلاح الدین تونیو نے کہا کہ ان کے تمام بچے ان کے لیے برابر عزیز ہیں، مگر فہد مصطفیٰ اپنی محبت اور شفقت کے اظہار میں سب سے مختلف ہیں۔ انہوں نے بتایا، “سب بچے پیارے ہیں، میں کسی ایک کو الگ نہیں کہہ سکتا، مگر فہد مجھ سے زیادہ دوستانہ رویہ رکھتا ہے۔ وہ مجھ سے محبت کا اظہار کرتا ہے، میرے پاس آتا ہے، گلے لگاتا ہے، بوسہ دیتا ہے، بعض اوقات میرے بستر پر آ کر میرے ساتھ سو جاتا ہے۔ اس کی یہ معصوم حرکتیں دل کو بہت بھاتی ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ فہد چونکہ عمر میں چھوٹا ہے، اس لیے اس سے محبت فطری طور پر زیادہ ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ ان کے ایک بیٹے بیرونِ ملک مقیم ہیں جن کی یاد اکثر ستاتی ہے، جب کہ خالد ٹنیو ان کے ساتھ رہتے ہیں۔ ان کے بقول، “جو آپ کے ساتھ رہتا ہے، وہ دل کے قریب رہتا ہے۔”

صلاح الدین تونیو کی گفتگو نے سوشل میڈیا پر فہد مصطفیٰ کے مداحوں کی توجہ حاصل کر لی، جنہوں نے والد اور بیٹے کے خوبصورت رشتے کو سراہا۔ مداحوں نے اس محبت بھرے تعلق کو پاکستان کے شوبز انڈسٹری میں ایک مثبت مثال قرار دیا۔

یاد رہے کہ فہد مصطفیٰ پاکستان کے معروف اداکار، پروڈیوسر اور میزبان ہیں جنہوں نے ڈراموں میں عبدالقدیر ہوں، دوسری بیوی، کنکر، میں چاند سی، عاشتی، کبھی میں کبھی تم سمیت متعدد کامیاب پراجیکٹس میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ تاہم ان کی مقبولیت کو بلندیوں تک پہنچانے میں گیم شو جیتو پاکستان نے اہم کردار ادا کیا، جس نے انہیں ملک بھر میں گھروں کا جانا پہچانا نام بنا دیا۔

صلاح الدین تونیو کے فنی سفر اور ان کے بیٹے فہد مصطفیٰ کے کیریئر دونوں نے پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ والد بیٹے کی یہ جوڑی نہ صرف اپنی اداکاری بلکہ پیشہ ورانہ اخلاقیات اور خاندانی قدروں کے سبب بھی مداحوں کے دلوں میں الگ مقام رکھتی ہے۔

صلاح الدین تونیو کے یہ جذبات ان کی فیملی کے مضبوط بندھن اور فہد مصطفیٰ کے نرم دل و محبت بھرے مزاج کی عکاسی کرتے ہیں، جو انہیں نہ صرف ایک کامیاب اداکار بلکہ ایک شفیق بیٹے کے طور پر بھی نمایاں بناتا ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل صبح گیارہ بجے طلب

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل صبح گیارہ بجے طلب کر لیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی …