اتوار , اکتوبر 12 2025

فہد مصطفیٰ کی مبینہ دوسری اہلیہ کی پروڈکشن ہاؤس پر گرفت؟ فوٹوگرافر عمر سعید کا دعویٰ

اداکار، میزبان اور پروڈیوسر فہد مصطفیٰ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔ مشہور فوٹوگرافر عمر سعید نے الزام عائد کیا ہے کہ فہد مصطفیٰ کی مبینہ دوسری اہلیہ حنا امان دراصل ان کے پروڈکشن ہاؤس “بگ بینگ پروڈکشنز” کی اصل فیصلہ ساز ہیں۔

فہد مصطفیٰ، جو اپنی اداکاری، میزبانی اور پروڈکشن کے حوالے سے پاکستانی شوبز انڈسٹری میں ایک نمایاں مقام رکھتے ہیں، اس وقت جیو ٹی وی کے ڈرامہ کبھی میں کبھی تم میں ہانیہ عامر کے ساتھ اپنی جوڑی کے باعث ناظرین میں بے حد مقبول ہیں۔ تاہم اب ان کے حوالے سے ایک نیا تنازعہ سامنے آیا ہے جس نے ان کے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔

عمر سعید، جو ماضی میں فہد مصطفیٰ کے پروڈکشن ہاؤس “بگ بینگ” سے وابستہ تھے، نے ایک پوڈکاسٹ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ فہد مصطفیٰ کی مبینہ دوسری شادی حنا امان نامی خاتون سے ہوئی ہے، جو ماضی میں بگ بینگ کی ملازمہ اور اداکارہ رہ چکی ہیں۔ ان کے مطابق حنا امان اس وقت پروڈکشن ہاؤس میں کلیدی فیصلے خود کرتی ہیں۔

عمر سعید نے کہا، “میں بھی ان کی ناانصافی کا شکار ہوا۔ مجھے اور کئی دیگر ملازمین کو صرف اس لیے برطرف کیا گیا کیونکہ حنا امان ہم سے ناخوش تھیں۔ بگ بینگ میں اب سارا کنٹرول انہی کے ہاتھ میں ہے۔ کئی معروف ڈائریکٹرز بھی ان سے اختلافات کے باعث کمپنی چھوڑ کر جا چکے ہیں۔ وہ وہاں ایک ملکہ کی طرح راج کرتی ہیں۔”

انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ انہیں اس الزام پر برطرف کیا گیا کہ وہ “ثنا بھابی” کے لیے جاسوسی کر رہے ہیں، حالانکہ یہ بات بالکل غلط تھی۔ ان کے مطابق فہد مصطفیٰ اور حنا امان کا تعلق 2017 سے چل رہا ہے۔
“مجھے خود حناامان نے نکالا۔ فہد مصطفیٰ ایک ذہین انسان ہیں، مگر وہ لوگوں کی باتوں پر جلد یقین کر لیتے ہیں۔ وہ اچھے انسان ہیں، لیکن ان کے اردگرد موجود چند لوگ ان کا غلط فائدہ اٹھا رہے ہیں،” عمر سعید نے دعویٰ کیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل جولائی میں بھی عمر سعید نے فہد مصطفیٰ پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے انہیں بے عزت کرکے ملازمت سے نکال دیا۔ اس وقت بھی سوشل میڈیا پر یہ تنازعہ کافی وائرل ہوا تھا۔

تاہم فہد مصطفیٰ کی جانب سے ان الزامات پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ ان کے قریبی ذرائع نے کسی دوسری شادی یا حنا امان کے اثرورسوخ کی تصدیق یا تردید سے گریز کیا ہے۔

شوبز حلقوں میں یہ تنازعہ تیزی سے زیرِ بحث ہے، اور کئی سوشل میڈیا صارفین اس معاملے پر مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔ کچھ کا کہنا ہے کہ یہ ذاتی معاملات ہیں جنہیں عوامی سطح پر نہیں لانا چاہیے، جبکہ دیگر کا مؤقف ہے کہ اگر کسی پروڈکشن ہاؤس میں غیر پیشہ ورانہ رویہ اپنایا جا رہا ہے تو اس پر بات ہونا ضروری ہے۔

فہد مصطفیٰ، جو اپنے مقبول گیم شو جیتو پاکستان اور کامیاب ڈرامہ پروڈکشنز کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں، ماضی میں کئی بار میڈیا تنازعات سے دوچار ہو چکے ہیں۔ تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ ان کے ذاتی زندگی سے جڑا ایسا معاملہ منظر عام پر آیا ہے جس میں مبینہ طور پر ان کی دوسری شادی اور پروڈکشن ہاؤس کے معاملات کو آپس میں جوڑا جا رہا ہے۔

اس وقت تک فہد مصطفیٰ یا حنا امان کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ وضاحت جاری نہیں کی گئی ہے، لیکن ان انکشافات کے بعد پاکستانی شوبز انڈسٹری میں چہ مگوئیاں تیز ہو گئی ہیں۔ کئی ماہرین کے مطابق اگر فہد مصطفیٰ کی ٹیم جلد کوئی واضح مؤقف نہ دے تو یہ تنازعہ مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

لاہور ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کے 5 وکٹوں پر 313 رنز

شان مسعود، امام الحق کی نصف سنچریاں، رضوان اور سلمان علی آغا کی شراکت نے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے