
آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ 2025 کے نویں میچ میں آسٹریلیا ویمن ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو 107 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔ کولمبو کے آر پریما داسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے، جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو ابتدا میں درست ثابت ہوتا نظر آیا۔ پاکستانی بولرز نے شاندار آغاز کیا اور صرف 76 کے مجموعی اسکور پر آسٹریلیا کی 7 وکٹیں گرا دیں۔ اس موقع پر لگ رہا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم 100 رنز بھی مکمل نہیں کر پائے گی، لیکن بیتھ مونی اور ایلینا کنگ نے غیر معمولی بیٹنگ کرتے ہوئے میچ کا رخ ہی بدل دیا۔
بیتھ مونی نے انتہائی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 114 گیندوں پر 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 9 چوکے شامل تھے۔ دوسری جانب نمبر 10 پر آنے والی ایلینا کنگ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 49 گیندوں پر 51 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں تین چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔ دونوں کھلاڑیوں کی 115 رنز کی شراکت داری نے آسٹریلیا کو مشکلات سے نکال کر ایک مضبوط پوزیشن میں لا کھڑا کیا۔
پاکستان کی جانب سے نشرح سندھو نے عمدہ بولنگ کی اور 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فاطمہ ثنا اور رامین شمیم نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ڈیانا بیگ اور سعدیہ اقبال کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ تاہم آسٹریلیا کی نچلی ترتیب کی بیٹنگ پاکستانی بولرز پر حاوی رہی، جس کے نتیجے میں مخالف ٹیم نے 221 رنز کا چیلنجنگ ہدف ترتیب دیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بلے باز آغاز سے ہی دباؤ کا شکار دکھائی دیے۔ اوپنرز صدف شمس اور منیبہ علی بالترتیب 5 اور 3 رنز بنا کر جلد ہی پویلین لوٹ گئیں۔ واحد مزاحمت سدرہ امین نے کی، جنہوں نے 35 رنز کی اننگز کھیلی، مگر دوسرے اینڈ سے کوئی بیٹر ان کا ساتھ نہ دے سکا۔ نٹالیا پرویز ایک، ایمن فاطمہ صفر، کپتان فاطمہ ثنا 11، ڈیانا بیگ 7 اور نشرح سندھو 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔
آسٹریلیا کی جانب سے کم گریتھ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، میگن شٹ نے 2 جبکہ ایلینا کنگ، انابیل سدرلینڈ، ایشلی گارڈنر اور جارجیا ریہم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلیا کے بولرز نے مسلسل درست لائن و لینتھ پر بولنگ کرتے ہوئے پاکستانی بیٹرز کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔
میچ کے اختتام پر بیتھ مونی کو ان کی شاندار سینچری اور میچ وننگ اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی یہ مسلسل تیسری شکست ہے۔ اس سے قبل قومی ویمن ٹیم کو بنگلہ دیش اور بھارت کے ہاتھوں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تین میچوں میں شکست کے بعد پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے، جب کہ آسٹریلیا نے اپنی فتوحات کا تسلسل برقرار رکھا ہے اور سیمی فائنل کی دوڑ میں مستحکم پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
پاکستانی ٹیم کو اب اپنا اگلا میچ 15 اکتوبر کو انگلینڈ کے خلاف کھیلنا ہے، جو اس کی ٹورنامنٹ میں بقا کے لیے فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن میں تسلسل اور مزاحمت کی شدید کمی نظر آ رہی ہے، جسے دور کیے بغیر پاکستان کے لیے ورلڈ کپ میں آگے بڑھنا مشکل دکھائی دیتا ہے۔
کولمبو کی کنڈیشنز میں شاندار بولنگ آغاز کے باوجود بیٹنگ میں ناکامی نے ایک بار پھر ظاہر کیا کہ پاکستان ویمن ٹیم کو عالمی معیار کی ٹیموں کے خلاف مقابلے کے لیے تجربے اور اعتماد کی مزید ضرورت ہے۔