پیر , اکتوبر 13 2025

کراچی میں بارش کے بعد بجلی کی فراہمی تین روز سے معطل

کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد بجلی کی فراہمی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور متعدد علاقوں میں تین سے چار روز گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہیں کی جا سکی۔ شہریوں نے شکایت کی ہے کہ جمعرات کو ہونے والی بارش کے بعد ایک بار پھر بڑے پیمانے پر فیڈرز متاثر ہوئے جس کے نتیجے میں رات گئے تک شہر بھر میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل بندش کے باعث پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے جبکہ گھروں میں بچے، بزرگ اور مریض شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بارش کے ہر سلسلے کے بعد کے الیکٹرک کا نظام ناکام ہو جاتا ہے اور کئی دنوں تک بجلی بحال نہیں کی جاتی۔

کے الیکٹرک کے مطابق بارش کے باعث 170 سے زائد فیڈرز بند ہوئے جبکہ کئی مقامات پر سب اسٹیشنز اور انڈر گراؤنڈ کیبلز میں پانی بھر جانے سے بجلی معطل ہوئی۔ متاثرہ علاقوں میں معین آباد، کشمیر روڈ، سرجانی ٹاؤن، یوسف گوٹھ، صفورہ گوٹھ، کنیز فاطمہ سوسائٹی، مدراس چوک، نعمان اسکوائر، اسکیم 33، بلدیہ، ڈی ایچ اے، گلستان جوہر بلاک 3، گلشن اقبال، بن قاسم، گلشن حدید، منگھو پیر، رزاق آباد، اولڈ سٹی ایریا اور ایم اے جناح روڈ شامل ہیں۔

شہریوں نے شکوہ کیا ہے کہ بارشوں کے دوران کے الیکٹرک بار بار ناکام ثابت ہوتا ہے اور بجلی کی بندش کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہو جاتے ہیں۔ بعض علاقوں میں مسلسل چار دن تک بجلی نہ ہونے سے کاروبار بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا دعویٰ ہے کہ شہر میں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے اور جہاں کہیں مقامی مسائل پیدا ہوئے ہیں انہیں حل کرنے کے لیے ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔ تاہم، شہریوں کا مؤقف ہے کہ عملی طور پر صورت حال مختلف ہے اور بڑی تعداد میں علاقے اب بھی اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

کراچی میں ہر سال مون سون بارشوں کے دوران بجلی کے بڑے پیمانے پر تعطل کا سامنا رہتا ہے۔ ماضی میں بھی بارشوں کے بعد درجنوں فیڈرز ٹرپ کر جانے سے شہر کے مختلف حصے کئی دن تک اندھیرے میں رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کے ترسیلی نظام میں بنیادی خامیوں کے باعث یہ مسائل بار بار جنم لیتے ہیں اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے بغیر انہیں حل کرنا ممکن نہیں۔

شہریوں اور سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کے الیکٹرک بارشوں کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کرے اور ان علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر بجلی بحال کی جائے جو کئی روز سے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

سینیٹر انوشہ رحمان پنجاب کی سینئر ایڈوائزر مقرر

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سینیٹر …