اتوار , اکتوبر 12 2025

کراچی میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا

سی ای او کے الیکٹرک کے خلاف مقدمہ

کراچی میں بارش کے بعد بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا، کئی علاقے 2 روز بعد بھی بجلی سے محروم ہیں۔

منگل کو ہونے والی بارش کے بعد سے کراچی میں بجلی کا بریک ڈاؤن جاری ہے، کئی علاقے دو روز بعد بھی تاحال بجلی سے محروم ہیں۔

نارتھ ناظم آباد بلاک اے، گلستان جوہر بلاک 9، نانک واڑہ، یوسف گوٹھ اور رامسوامی میں تاحال بجلی بند ہے۔

ملیر سعود آباد، خداکی بستی، ابراہیم حیدری، شنانتی نگر، اسٹیڈیم روڈ، کیماڑی اور اعظم بستی بھی بجلی غائب ہے، بجلی کی طویل بندش کے باعث شہریوں کی زندگیاں اجیرن ہوگئیں۔

گزشتہ روز کے الیکٹرک حکام نے شہر کے 94 فیصد سے زائد علاقوں کو بجلی کی فراہمی بحال کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو مونس علوی نے کہا تھا کہ منگل کی شام 6 بجے تک شہر کے 94 فیصد سے زائد علاقوں کو بجلی کی فراہمی بحال کر دی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ شہر میں 130 سے 170 ملی لیٹر تک بارش رپورٹ ہوئی، جس کے باعث کے الیکٹرک فیلڈ اسٹاف کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

سی ای او کے الیکٹرک کے خلاف مقدمہ

کراچی کے علاقے ناتھا خان گوٹھ میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے 2 بھائیوں کی موت کا مقدمہ سی ای او کے الیکٹرک اور دیگر حکام کے خلاف درج کرلیا گیا، گلستان جوہر میں 2 روز قبل کرنٹ لگنے سے موٹرسائیکل سوار کے جاں بحق ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، شفیق موڑ پر بھی بچے کو کھمبے سے کرنٹ لگ گیا۔

شاہ فیصل کالونی تھانے کی پولیس نے ناتھا خان گوٹھ میں کرنٹ لگنے سے 2 بھائیوں کی موت پر ان کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔

مقدمے میں سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی سمیت اعلیٰ افسران کو نامزد کیا گیاہے، مقدمے میں غفلت و لاپروائی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ پیر کو ناتھا خان گوٹھ میں کرنٹ لگنے سے 10 سالہ سلطان اور 20 سالہ سراج جاں بحق ہوگئے تھے، دونوں بھائیوں کی نماز جنازہ گزشتہ روز ادا کی گئی تھی۔

دوسری جانب، کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں 2 روز قبل موٹر سائیکل سوار نوجوان کی کرنٹ لگنے سے موت کا انکشاف ہوا ہے، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں موٹر سائیکل سوار کو کرنٹ لگتے اور گڑھے میں گرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، لڑکے کے گڑھے میں گرنے کے فوراً بعد شہری اسے بچانے کے لیے پہنچے تھے۔

شہریوں نے موٹر سائیکل اور نوجوان کو گڑھے سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا تھا، ہسپتال میں ڈاکٹرز نے لڑکے کی موت کی تصدیق کی تھی۔

دریں اثنا، کراچی میں شفیق موڑ کے قریب بچے کو کھمبے سے کرنٹ لگ گیا، موقع پر موجود لوگوں نے بچے کو بچا کر ہسپتال منتقل کیا، جہاں طبی امداد کے بعد بچے کو گھر روانہ کردیا گیا۔

ترجمان کے الیکٹرک نے کہا کہ واقعہ اسٹریٹ لائٹ کے پول کے باعث پیش آیا، جو کے الیکٹرک کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

لاہور ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کے 5 وکٹوں پر 313 رنز

شان مسعود، امام الحق کی نصف سنچریاں، رضوان اور سلمان علی آغا کی شراکت نے …