پیر , اکتوبر 13 2025

ڈیزل کی قیمت میں کمی جبکہ پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ

حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 84 پیسے فی لیٹر کمی کردی جبکہ پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 12 روپے 84 پیسے تنزلی کے بعد 272 روپے 99 پیسے ہو گئی جبکہ پیٹرول کی قیمت 264 روپے 61 پیسے پر برقرار ہے۔

اسی طرح مٹی کا تیل 7 روپے 19 پیسے سستا کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 178 روپے 27 پیسے ہو گئی، جبکہ لائٹ ڈیزل آئل 8 روپے 20 پیسے تنزلی کے بعد 162 روپے 37 پیسے میں دستیاب ہو گا۔

قیمتوں میں کمی کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔

یاد رہے کہ 31 جولائی کو حکومت نے یکم تا 15 اگست تک کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے 54 پیسے فی لیٹر کمی کردی تھی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل ایک روپے 48 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا تھا۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ 7 روپے 54 پیسے فی لیٹر تنزلی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 264 روپے61 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 285 روپے 83 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔

واضح رہے کہ عالمی منڈی میں تبدیلیوں اور شرح مبادلہ کی نقل و حرکت کی وجہ سے 16 اگست سے شروع ہونے والے اگلے پندرہ دن کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 1.40 روپے فی لیٹر اضافے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 11.50 روپے فی لیٹر تک کی کمی کا امکان ہے۔

ڈیزل بھاری ٹرانسپورٹ، ریلوے اور زرعی مشینری جیسے ٹریکٹرز اور ٹیوب ویلز میں بنیادی ایندھن کے طور پر استعمال ہوتا ہے، اس لیے اس کی قیمتیں مہنگائی پر اثر ڈالتی ہیں۔

پیٹرول، بنیادی طور پر نجی کاروں، چھوٹی گاڑیوں، رکشوں اور دو پہیوں والی سواری میں استعمال ہوتا ہے، جس کا براہ راست اثر درمیانی بجٹ والے گروپوں اور دو پہیہ گاڑیوں پر ہوتا ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز شدید مندی دیکھی …