
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 33 سال بعد ون ڈے سیریز میں شکست دے دی، فیصلہ کن تیسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 202 رنز سے ہرا دیا۔
گرین شرٹس 295 رنز کے تعاقب میں 92 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئے، ویسٹ انڈیز کے جیڈن سیلز نے صرف 18 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔
صائم ایوب، عبداللّٰہ شفیق، محمد رضوان، حسن علی اور ابرار احمد صفر پر آؤٹ ہوئے۔
محمد نواز 23 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے جبکہ نسیم شاہ نے 6 اور حسین طلعت نے ایک رن بنایا۔
جیڈن سیلز نے 6، گوڈاکیش موتی نے 2 اور روسٹن چیز نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا سٹیڈیم میں 3 ایک روزہ میچز کی سیریز کے فیصلہ کن مقابلے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹ پر 294 رنز بنائے اور پاکستان کو 295 رنز کا ہدف دیا۔
اننگز کی خاص بات مشکل حالات میں ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ کی سنچری رہی، انہوں نے 94 گیندوں پر 120 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
ویسٹ انڈیز کے جسٹن گرویوز نے 24 گیندوں پر 43 رنز کی ناقابل شکست باری کھیلی جبکہ ایون لیوئس 37 اور روسٹن چیز 36 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
نسیم شاہ، ابرار احمد نے 2، 2 جبکہ محمد نواز اور صائم ایوب نے 1، 1 وکٹ اپنے نام کی۔
پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، شاہین شاہ آفریدی کی جگہ نسیم شاہ کو شامل کیا گیا۔
وکٹیں جلد گرنے کے بعد سنبھل نہ سکے: محمد رضوان
پاکستانی کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ابتدائی چالیس اوورز تک میچ ان کے ہاتھوں میں تھا، لیکن پھر ویسٹ انڈین بیٹرز نے شاندار بیٹنگ کی۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ شائی ہوپ نے عمدہ اننگز کھیلی، ہدف کے تعاقب میں تین وکٹیں جلد گرنے کے بعد سنبھل نہ سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ جیڈن سیلز نے پوری سیریز میں بہت اچھی بولنگ کی ہے۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے سیریز کے فیصلہ کن ون ڈے میچ میں پاکستان کو 202 رنز سے ہرا دیا۔
میچ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی، پانچ بیٹر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کے 295 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 92 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
ہوم ٹیم نے چھ وکٹ پر 294 رنز بنائے، کپتان شائی ہوپ نے 120 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
جواب میں پاکستان کا کوئی بیٹر جیڈن سیلز کا مقابلہ نہ کر سکا، فاسٹ بولر نے 18 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں۔
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کےخلاف 34 سال بعد ون ڈے سیریز جیتی ہے، شائی ہوپ میچ اور جیڈن سیلز سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ہیں۔