
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا گیا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹ سے جیت لیا۔
ویسٹ انڈیز کے 281 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صائم ایوب 5، عبداللّٰہ شفیق 29، بابر اعظم 47، سلمان آغا 23 اور محمد رضوان 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے حسن نواز نے ناقابل شکست 63 رنز اسکور کیے، حسین طلعت 41 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
گرین شرٹس نے 281 رنز کا ہدف 5 وکٹ کے نقصان پر 49 ویں اوور میں حاصل کیا۔
اس سے قبل پہلے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو جیت کےلیے 281 رنز کا ہدف دیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایون لوئیس (Evin Lewis)، شائی ہوپ اور روسٹن چیس (Roston Chase ) کی ففٹیز کی بدولت ہوم ٹیم 280 رنز بنا کرآؤٹ ہوئی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے چار، نسیم شاہ نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ صائم ایوب، سلمان علی آغا اور سفیان مقیم کو ایک ایک وکٹ ملی۔
پہلے ون ڈے میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹرینیڈاڈ میں کھیلے جا رہے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں پاکستانی بیٹر حسن نواز ویسٹ انڈیز کے خلاف ڈیبیو کیا ہے۔
اس موقع پر پاکستانی ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے حسن نواز کو ڈیبیو کیپ دی، ساتھی کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف نے حسن نواز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ٹیم پاکستان محمد رضوان (کپتان)، عبداللّٰہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، سلمان آغا، حسن نواز، حسین طلعت، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، سفیان مقیم پر مشتمل ہے۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں شائے ہوپ (کپتان)، برینڈن کنگ، ایوین لوئس، کیسی کارٹی، شرفین ردرفورڈ، روسٹن چیس، روماریو شیفرڈ، گڈاکیش موٹی، جیڈیا بلیڈز، سمر جوزف اور جیڈین سیلز شامل ہیں۔
پلیئر آف دی میچ بن کر اسے یادگار بنایا: حسن نواز
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی حسن نواز نے کہا ہے کہ ون ڈے میں یہ میرا ڈیبیو میچ تھا میں نے کہا تھا کہ پلیئر آف دی میچ بن کر اسے یادگار بنانا چاہتا ہوں۔
ٹرینیڈاڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محمد رضوان نے مجھے کہا کہ آپ کا ڈیبیو میچ ہے اور میچ ختم کرنا ہے، رضوان جب آؤٹ ہو کر جا رہے تھے تب بھی انہوں نے یہی کہا کہ میچ فنش کر کے آنا ہے۔
حسن نواز کا کہنا تھا کہ مجھے اعتماد تھا کہ میں ہٹنگ کر لیتا ہوں جس طرح پی ایس ایل میں میچز فنش کرتا رہا تو اسی چیز میں کامیابی ملی، بارش کی وجہ سے بول گرپ ہو رہا تھا اسی وجہ سے تھوڑا ٹائم لیا۔

انہوں نے کہا کہ حسین طلعت کے ساتھ یہی پلان بنایا تھا کہ اگر آخر تک جائیں گے تو آسانی سے میچ فنش کر لیں گے، پلان یہی تھا کہ پارٹنرشپ کرنی ہے کیونکہ ہم بڑے ہٹ مار لیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک میں بھی اس طرح کی مشکل پچز پر کھیلے ہوئے ہیں۔ بابر اعظم، محمد رضوان اور سلمان علی آغا سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔
حسن نواز نے یہ بھی کہا کہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ نے بڑی اچھی بولنگ کی، ہم لوگوں سے مس فیلڈنگ ہوئی جس کا ویسٹ انڈیز نے فائدہ اٹھایا۔