منگل , اکتوبر 14 2025

ملک بھر میں چینی کی اوسط قیمت سرکاری ریٹ پر نہ آسکی

ملک بھر میں چینی کی اوسط قیمت سرکاری ریٹ پر نہ آسکی۔ وفاقی ادارہ شماریات نے چینی کی قیمتوں کے نئے اعداد و شمار جاری کر دیے۔

چینی کی قیمتوں کے حوالے سے وفاقی ادارہ شماریات کے نئے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 190روپے فی کلو تک برقرار ہے۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ہونے والی تفصیلات میں بتایا گیا کہ کراچی، پشاور، بہاولپور کے شہری ملک میں سب سے مہنگی چینی خرید نے پر مجبور ہیں۔

ملک میں چینی کی اوسط قیمت 178 روپے67 پیسے فی کلو پر آگئی ہے، جبکہ کراچی، پشاور، بہاولپور میں چینی کی قیمت 190روپے ہے۔

پنجاب میں چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 190 روپے فی کلو تک ہے، اسی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چینی کی قیمت سرکاری ریٹ کے مطابق 172 روپے ہے، راولپنڈی سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں چینی 173 روپے کے سرکاری نرخ پر آگئی۔

ایک ہفتے میں چینی کی اوسط قیمت میں 66 پیسے فی کلو کی مزید کمی ہوئی ہے۔

گذشتہ ہفتےتک چینی کی اوسط قیمت 179 روپے 33 پیسےفی کلو تھی جبکہ ایک سال قبل ملک میں چینی کی اوسط قیمت 146 روپے 75 پیسے فی کلو تھی۔

وفاقی حکومت نے 15جولائی سے چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اسلام آباد میں 172، پنجاب اور کراچی میں چینی کی ریٹیل قیمت 173 روپے فی کلو مقرر کی گئی تھی۔

چینی درآمد پہلا ٹینڈر

بیرون ملک سے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کے معاملے میں مطلوبہ معیار نہ ہونے پر پہلا ٹینڈر منسوخ کر دیا گیا۔

ذرائع ٹریڈنگ کارپوریشن پاکستان کے مطابق چینی درآمد کرنے کے لیے 4 کمپنیوں نے بولی جمع کروائی تھی، برطانیہ اور سوئٹزر لینڈ کی ایک، ایک جبکہ یواے ای کی 2 کمپنیاں بولی جمع کرانے والی کمپنیوں میں شامل تھیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی ریٹ اور مطلوبہ معیار نہ ہونے پر پہلا ٹینڈر منسوخ کیا گیا، کمپنیوں کے حساب سے پاکستان میں چینی کی کم از کم قیمت 227 روپے کلو دی گئی تھی۔

ذرائع ٹی سی پی کا بتانا ہے کہ ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی کا دوسرا ٹینڈر اب پائپ لائن میں رہ گیا ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق لاہور کی مارکیٹوں میں چینی کی سپلائی ناکافی ہے، دکانوں پر چینی کی قیمت کا مسئلہ بھی موجود ہے۔

یاد رہے کہ حکومت نے ملک بھر میں چینی کی قلت ختم کرنے اور قیمتیں نیچے لانے کے لیے 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

سمندری کیبل کی مرمت سے انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کا امکان

پی ٹی سی ایل کے مطابق بین الاقوامی کیبل کی مرمت کا کام آج صبح …