
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں تیزی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جہاں سرمایہ کاروں کا اعتماد اور معاشی اشاریوں میں بہتری مارکیٹ کو نئے ریکارڈز کی طرف لے جا رہی ہے۔
بدھ کے روز کاروباری دن کے آغاز سے ہی مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، اور ہنڈریڈ انڈیکس ایک لاکھ 45 ہزار پوائنٹس کی تاریخی سطح پر جا پہنچا۔
دوپہر کے وقت 12 بج کر15 منٹ کے قریب ہنڈریڈ انڈیکس 1 ہزار101 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 44 ہزار 68 اعشاریہ 138 پر ٹریڈ کر رہا تھا، جبکہ کاروباری دن کے اختتام پر یہ 1 لاکھ 45 ہزار 88 پوائنٹس پر بند ہوا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں تیزی کا رجحان رکنے کا نام نہیں لے رہا، جہاں بدھ کو کاروبار کے آغاز کے چند گھنٹوں میں کے ایس ای-100 انڈیکس میں تقریباً 1,000 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
صبح 10 بج کر 5 منٹ پر بینچ مارک انڈیکس 948.34 پوائنٹس یا 0.66 فیصد اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 43 ہزار985.50 کی سطح پر موجود تھا۔
آٹوموبائل اسمبلرز، کمرشل بینکس، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیز، آئل مارکیٹنگ کمپنیز (او ایم سیز) اور ریفائنری سمیت اہم شعبوں میں خریداری دیکھی گئی۔ انڈیکس میں نمایاں حصص رکھنے والی کمپنیوں جیسے کہ اے آر ایل، او جی ڈی سی ایلپی او ایل، ایس این جی پی ایل، ایس ایس جی سی، ایم سی بی، ایم ای بی ایل اور یو بی ایل کے شیئرز مثبت زون میں ٹریڈ کر رہے تھے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جاری تیزی کی وجہ پرجوش سرمایہ کارانہ رجحان، مثبت معاشی اشاریے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی ہے۔
منگل کے روز بھی اسٹاک ایکسچینج نے اپنی تاریخی تیزی کو برقرار رکھتے ہوئے کے ایس ای-100 انڈیکس میں 985 پوائنٹس (0.69 فیصد) اضافہ ریکارڈ کیا، اور انڈیکس 143,037.17 کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔
بین الاقوامی سطح پر بدھ کو ایشیائی اسٹاک مارکیٹس اور وال اسٹریٹ میں مندی دیکھی گئی، کیونکہ امریکہ کے کمزور معاشی ڈیٹا نے تجارتی ٹیرف کے معیشت پر منفی اثرات کو اجاگر کیا۔ امریکی ڈالر بھی کمزور بانڈ ییلڈز کے دباؤ میں رہا۔
یہ ایک انٹرا ڈے اپ ڈیٹ ہے۔