بدھ , اکتوبر 15 2025

مسابقتی کمیشن پی ٹی سی ایل کی جانب سے مطلوبہ دستاویزات کا منتظر

پاکستان میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی تا حال مؤخر ہے،

ٹیلی نار پاکستان اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کے مجوزہ انضمام سے متعلق معاملات تاحال حل طلب ہیں،

اس وقت مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) پی ٹی سی ایل کی جانب سے مطلوبہ دستاویزات کا منتظر ہے تاکہ وہ اپنا حتمی فیصلہ دے سکے۔

رپورٹ کے مطابق مصدقہ ذرائع کا کہناا ہے کہ سی سی پی کی پیش رفت پی ٹی سی ایل کی جانب سے ضروری دستاویزات مقررہ فارمیٹ میں جمع نہ کرانے یا تاخیر سے فراہم کرنے کی وجہ سے رکی ہوئی ہے، جس سے صورتحال میں ابہام پیدا ہو گیا ہے اور جائزہ لینے کا عمل تعطل کا شکار ہے۔

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، شزا فاطمہ خواجہ نے اس بات کی تصدیق کی کہ 5G اسپیکٹرم نیلامی میں تاخیر کی بنیادی وجہ ٹیلی نار اور پی ٹی سی ایل کے انضمام پر جاری عدالتی کارروائی اور غیر یقینی صورتحال ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا مسابقتی کمیشن ایک خودمختار ادارہ ہے، اور ہم اس مجوزہ انضمام پر اس کے فیصلے کے منتظر ہیں، وزارتِ آئی ٹی نہ ہی حکومت مسابقتی کمیشن کے ریگولیٹری فرائض میں مداخلت کر سکتی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 5G اسپیکٹرم نیلامی کی مشاورتی کمیٹی، جس کی سربراہی وزیر خزانہ کر رہے ہیں، صرف اسی صورت اپنی سفارشات جاری کرے گی جب مسابقتی کمیشن انضمام پر اپنا فیصلہ سنا دے گا۔

وزارتِ آئی ٹی کے ایک سینئر افسر نے ’ڈان‘ کو بتایا کہ نیلامی کی حکمت عملی کا انحصار انضمام کے بعد موجود ٹیلی کام آپریٹرز کی تعداد پر ہے، نیلامی کا طریقہ کار اس بات پر منحصر ہے کہ مارکیٹ میں 3 آپریٹرز ہوں گے یا 4، ہر صورت میں طریقہ کار اور شرائط مختلف ہوں گی۔

اس وقت پاکستان میں 4 ٹیلی کام آپریٹرز کام کر رہے ہیں، جاز سب سے آگے ہے جس کا مارکیٹ شیئر 37 فیصد سے زائد ہے، اس کے بعد زونگ 26 فیصد، ٹیلی نار پاکستان 22 فیصد سے زائد، اور یو فون (جو پی ٹی سی ایل کی ذیلی کمپنی ہے) کے پاس تقریباً 13 فیصد سم ہولڈرز ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ پی ٹی سی ایل کی جانب سے مسابقتی کمیشن کو جمع کرائی گئی دستاویزات غیر واضح تھیں، اور مقررہ معیار پر پوری نہیں اتریں، جس کی وجہ سے کمیشن نے مزید وضاحت طلب کر لی ہے۔

انضمام کے حوالے سے یہ تشویش بھی پائی جاتی ہے کہ یو فون کو مسلسل مالی نقصان ہو رہا ہے، جب کہ باقی 3 آپریٹرز منافع میں جا رہے ہیں۔

ڈان کی جانب سے متعدد بار رابطہ کرنے کے باوجود، پی ٹی سی ایل -یو فون کے ترجمان نے کوئی جواب نہیں دیا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ایشین کپ کوالیفائرز: پاکستان اور افغانستان کا دوسرا میچ 1-1 سے برابر

اعتراز حسین کے گول نے قومی ٹیم کو شکست سے بچا لیا، دونوں ٹیموں کو …