پیر , اکتوبر 13 2025

ملک بھر میں مون سون بارشوں اورممکنہ سیلابی صورتحال پرالرٹ جاری

این ڈی ایم اے نے اگلے 24 تا 48 گھنٹوں کے دوران ملک بھر کے مختلف اضلاع میں مون سون بارشوں اورممکنہ سیلابی صورتحال پرالرٹ جاری کر دیا

آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران سندھ کے جنوبی اضلاع میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق سجاول، ٹھٹہ، بدین، کراچی اور حیدرآباد میں شدید بارشوں کے باعث شہری سیلاب کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ میرپور خاص، پوٹھوہار ریجن اور شمال مشرقی پنجاب میں بھی سیلابی کیفیت کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ اور گجرات میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے، جبکہ سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقے بھی خطرے کی زد میں آ سکتے ہیں۔

گلگت بلتستان، چترال، اپر دیر، سوات اور کمراٹ ویلی میں گلیشیئر پھٹنے جبکہ کشمیر سمیت چاروں صوبوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان بتایا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے الرٹ کے مطابق گلگت بلتستان کے علاقوں سوات، ہنارچی، ترسات ہندور، دارکوٹ اور اشکومن میں گلیشیئر پگھلنے سے سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے جبکہ آزاد کشمیر کے نیلم ویلی، مظفرآباد، راولا کوٹ، باغ اور کوٹلی میں شدید بارشوں اور شہری سیلاب کا خدشہ بتایا گیا ہے۔

الرٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع پشاور، مردان، سوات، دیر، کوہستان، بنوں، کرک اور وزیرستان میں تیز بارشوں اور آندھی طوفان متوقع ہے جبکہ اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، گجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، قصور اور منڈی بہاؤالدین میں شدید بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا امکان ہے۔

بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، زیارت، خضدار، ژوب، سبی، ڈیرہ بگٹی اور لورالائی میں گرد آلود ہواؤں سمیت شدید بارشیں متوقع ہے، سندھ کے شہروں کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص، تھرپارکر، بدین، عمرکوٹ اور جیکب آباد میں شدید بارشوں کا امکان ہے جبکہ سندھ اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں نشیبی مقامات پر پانی جمع ہونے اور بجلی کا نظام متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

خیبرپختونخوا اسمبلی میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب پر سیاسی ہلچل

خیبرپختونخوا اسمبلی میں آج نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے اجلاس طلب کر لیا گیا …