
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے 27ویں میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 23 رنز سے شکست دے کر اگلے مرحلے کےلیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کی ٹیم 238 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 214 رنز تک محدود رہی۔
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے 49 گیندوں پر 94 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، اس دوران 10 چوکے اور 4 چھکے لگائے، لیکن ٹیم فتح سے ہمکنار نہ ہوسکی۔
پشاور زلمی کی طرف سے صائم ایوب 47 اور ٹام کوہیلر 20 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، معاذ صداقت 19 اور حسین طلعت 12 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
کراچی کنگز کے عباس آفریدی نے 2، حسن علی اور میر حمزہ نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ڈیوڈ وارنر اور جیز ونس کی جارحانہ نصف سینچریوں کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے، بابراعظم کی 94 رنز کی اننگز بھی ان کی ٹیم کو نہیں جتواسکی۔
پی ایس ایل 10 کے 27ویں میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
کراچی کنگز کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے بین میک ڈرموٹ کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔ تاہم، کپتان ڈیوڈ وارنر اور جیمز ونس نے 162 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔
ڈیوڈ وارنر نے 50 گیندوں پر 86 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے، جیمز ونس نے 1 چھکے اور 11 چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 72 رنز بنائے۔
عرفان خان نیازی 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، خوشدل شاہ نے 15 گیندوں پر 43 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے وہ محمد نبی کے ساتھ ناٹ آؤٹ واپس آئے، نبی نے 10 گیندوں پر 26 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی جانب سے لک ووڈ 2، علی رضا اور عارف یعقوب ایک ایک وکٹ حاسل کرنے میں کامیاب رہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک بھارت کشدیگی کے باعث پی ایس ایل غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا تھا اور پی سی بی نے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو بحفاظت پاکستان سے رخصت کیا تھا۔
بعد ازاں، پی سی بی نے بقیہ میچز کا شیڈول جاری کیا جس کے تحت راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں لیگ کے آخری 4 میچز کھیلے جائیں گے جب کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور پلے آف مرحلے کی میزبانی کرے گا جس میں فائنل بھی شامل ہے۔
دوسری جانب، انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو بھی منسوخ کردیا گیا تھا، 7 مئی کو بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے شہر دھرم شالہ میں ہونے والے آئی پی ایل میچ کے دوران لائٹس اچانک بند کردی گئی تھیں اور میچ 10 اوور بعد روک دیا گیا تھا۔
بعد ازاں، آئی پی ایل کا آغاز بھی 17 مئی سے ہی کیا گیا تاہم آسٹریلیا سمیت متعدد ممالک کے کھلاڑیوں نے آئی پی ایل کھیلنے کے لیے دوبارہ بھارت آنے سے معذرت کرلی۔