
ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح میں 0.15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح منفی 2.41 فیصد رہی۔
ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 12 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، 11 اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 28 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
مہنگی ہونے والی اشیاء میں انڈے سرفہرست رہے جو فی درجن 13 روپے 5 پیسے مہنگے ہوئے جبکہ برائلر مرغی کی قیمت میں 7 روپے 12 پیسے فی کلو اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح گھریلو ایل پی جی کا سیلنڈر 33 روپے 75 پیسے مہنگا ہوا۔
دیگر مہنگی ہونے والی اشیاء میں بریڈ، کیلے، دال مونگ، چینی، چاول، بیف اور لہسن شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق لہسن کی قیمت میں 7 روپے 29 پیسے فی کلو اضافہ ہوا۔
دوسری جانب سستی ہونے والی اشیاء میں پیاز، ٹماٹر، آٹے کا 20 کلو تھیلا، دال مسور، گھی اور چنے شامل ہیں۔ پیاز 2 روپے 87 پیسے فی کلو اور ٹماٹر 2 روپے 5 پیسے فی کلو سستے ہوئے۔
ادارہ شماریات کے مطابق مٹن، تازہ دودھ، چائے اور دیگر اشیاء سمیت 28 آئٹمز کی قیمتوں میں کوئی رد و بدل نہیں ہوا۔