
پاکستان کی مشہور اداکارہ یمنیٰ زیدی نے ایک بار پھر اپنی زبردست اداکاری اور بےپناہ مقبولیت سے تاریخ رقم کردی۔
جیو ٹی وی کے ڈرامے “تیرے بن” میں “میراب” کا کردار ادا کرنے والی یمنیٰ کو بہترین اداکارہ کا اعزاز ملا اور یہ ان کا چھٹا لکس اسٹائل ایوارڈ بن گیا۔
اس کامیابی کے بعد یمنیٰ زیدی لکس اسٹائل ایوارڈز کی تاریخ کی سب سے زیادہ ایوارڈز جیتنے والی اداکارہ بن گئی ہیں۔
یمنیٰ زیدی نے اس اعزاز پر اپنے انسٹاگرام پر ایک دِل کو چھو لینے والا پیغام شیئر کیا۔
انہوں نے لکس اسٹائل ایوارڈز کی ٹیم، ڈرامے کے پروڈیوسرز عبداللّٰہ کادوانی، اسد قریشی اور سب سے بڑھ کر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا، ساتھ ہی انہوں نے اپنے معاون اداکار وہاج علی کا بھی ذکر کیا۔

ادکارہ نے لکھا کہ میراب کے ساتھ مرتثم کی موجودگی نے اس کردار کو مکمل کیا، وہاج کا شکریہ کہ اس نے مرتثم کی صورت میں اتنی خوبصورتی سے میراب کا ساتھ نبھایا۔
یمنیٰ نے صرف فینز ہی نہیں بلکہ “تیرے بن” کے ناقدین کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محبت کرنے والوں کا دل سے شکریہ اور تنقید کرنے والوں کا بھی کیونکہ انہوں نے بھی ہمیں سوچنے، بہتر کرنے اور سیکھنے کا موقع دیا۔
یاد رہے کہ یمنیٰ زیدی کا شمار اُن اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے محض کرداروں کی خوبصورتی سے نہیں بلکہ اداکاری کی گہرائی سے مداحوں کے دل جیتے ہیں۔

“تیرے بن” میں “میراب” کے پیچیدہ اور جذباتی کردار نے ناصرف ناظرین کو متاثر کیا بلکہ انہیں بین الاقوامی سطح پر بھی شہرت دلائی۔