google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 باہمی اتفاق ہونے تک نئی نہریں نہیں بنائی جائیں گی: وزیراعلیٰ سندھ - UrduLead
منگل , اپریل 29 2025

باہمی اتفاق ہونے تک نئی نہریں نہیں بنائی جائیں گی: وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نہروں کے اہم معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرلیا گیا ہے، باہمی اتفاق ہونے تک نئی نہریں نہیں بنائی جائیں گی۔

اسلام آباد میں مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کو مبارک باد دیتا ہوں اور وزیراعظم اور بلاول بھٹو کا شکر گزار ہوں کہ نہروں کے معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرلیا گیا، فیصلہ ہوا ہے کہ وفاقی حکومت کوئی نہر نہیں بنائے گی۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ نئی نہری تعمیرات کی ایکنک کی عبوری منظوری اور ارسا کا سرٹیفکیٹ واپس لے لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ پر نہروں کے مسئلے کو وزیراعظم نے اہم سمجھا اور میٹنگ 2 مئی کی بجائے 28اپریل کو ہوئی، کینال منصوبے سے متعلق معاملہ حل ہوچکا ہے، یہ منصوبہ ڈھائی سو ارب روپے کا تھا مگر اس منصوبے پر ابھی تک ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں صدر آصف علی زرداری کو بیچ میں گھسیٹا گیا، 8 جولائی کو ہونے والی میٹنگ میں پانی کے حوالے سے کوئی بات ہی نہیں ہوئی، صدر بننے کے بعد وہ میڈیا پر نہیں آتے، انہیں جب موقع تو ملا تو انہوں نے پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں، پوری دنیا کے سامنے کہا کہ بغیر اتفاق کے یکطرفہ طو پر کیے گئے فیصلوں کو میں سپورٹ نہیں کرتا، مگر افسوس کی بات ہے پھر بھی ان کی بات نہیں مانی گئی۔

مراد علی شاہ کے مطابق بلاول بھٹو نے وزیراعظم سے کہا تھا کہ کینالز کے حوالے سے جو پروپیگنڈا کیا گیا ہے اس کے پیش نظر ایسا اقدام ہونا چاہیے جو آج تک نہیں ہوا، چنانچہ آج تک ایسا نہیں ہوا کہ مشترکہ مفادات کونسل نے کسی منصوبے کو واپس بھیج دیا ہو، یہ کام بلاول بھٹو زرداری نے کیا جس پر سندھ کے عوام کو ایک بار پھر مبارکباد دیتا ہوں۔

واضح رہے کہ آج وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل نے دریائے سندھ سے کینالز نکالنے کا منصوبہ مسترد کر دیا۔

جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کا 52 واں اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سی سی آئی کی رضا مندی کے بغیر کوئی نہریں تعمیر نہیں ہوں گی، وفاقی حکومت نے نئے نہری منصوبے باہمی اتفاق رائے کے بغیر نہ بنانے کا فیصلہ کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام صوبوں کی مشاورت سے طویل المدتی زرعی اور آبی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

اسٹارلنک لائسنس اجرا مزید تاخیر کا شکار

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)نے اسٹار لنک کو لائسنس کا اجرا پاکستان اسپیس …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے