مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) میں بلاک بٹن میں بڑی تبدیلی کردی گئی، جس کے بعد اب بلاک شدہ صارفین بلاک کرنے والے شخص کے جوابات پڑھ سکیں گے۔
ٹوئٹر سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بلاک کا آپشن ہوتا ہے، جس کے تحت کوئی بھی صارف کسی کو بھی بلاک کرسکتا ہے، جس کے بعد بلاک شدہ صارف کی پوسٹس نظر نہیں آتیں۔
تاہم ٹوئٹر میں بلاک فیچر کے تحت بلاک کرنے والا شخص اس صارف کی پوسٹ پر جواب لکھنے کے اہل ہوتا تھا، جس کو اس نے بلاک کیا ہوتا تھا لیکن بلاک ہونے والا شخص اس جواب کو پڑھنے سے قاصر ہوتا تھا۔
لیکن اب اس میں تبدیلی کرکے بلاک شدہ صارف کو بھی وہ جواب پڑھنے تک رسائی دے دی گئی۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق ٹوئٹر کے ماہرین نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ بلاک بٹن کے فیچرز میں تبدیلی کردی گئی، اب بلاک ہونے والا شخص بلاک کرنے والے شخص کے جواب کو پڑھنے کے قابل ہوگا۔
یعنی اگر اب کوئی بھی شخص بلاک کیے گئے صارف کی کسی بھی پوسٹ پر کوئی بھی جواب یا ریپلائی لکھے گا تو بلاک ہونے والا شخص اس جواب کو پڑھ سکے گا اور اس کا جواب بھی دے سکے گا،
تاہم ابھی تک دونوں کو ایک دوسرے کی پوسٹس نظر نہیں آئیں گی لیکن دونوں کسی بھی پرانی پوسٹ میں ایک دوسرے کے لیے لکھے گئے جملے پڑھ سکتے ہیں۔
ایکس ماہرین کے مطابق مذکورہ قدم اس لیے اٹھایا گیا تاکہ بلاک ہونے والا صارف یہ جان سکے کہ اس کے حوالے سے دوسرا شخص کیا لکھ اور کیا سوچ رہا ہے؟
ساتھ ہی ایکس کی جانب سے واضح کیا گیا کہ پلیٹ فارم کے بلاک بٹن میں مزید تبدیلیاں کی جا رہی ہیں لیکن مزید تبدیلیوں کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔