بدھ , جولائی 22 2026

روزانہ بلیک کافی دل کی بیماریوں میں مددگار، تحقیق

ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ روزانہ اعتدال کے ساتھ بلیک کافی پینا دل کی صحت بہتر بنانے اور فالج سمیت کئی سنگین امراض کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ کیفین کا زیادہ استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے جرنل میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق بغیر چینی، دودھ یا مصنوعی ذائقوں کے پی جانے والی بلیک کافی دل کے لیے متعدد فوائد رکھتی ہے۔ محققین نے بتایا کہ ایسے افراد میں ٹائپ ٹو ذیابیطس، دل کی بیماری، فالج، ہارٹ فیل اور دل کی بے قاعدہ دھڑکن کا خطرہ نسبتاً کم دیکھا گیا۔

تحقیق کے مطابق روزانہ تقریباً پانچ کپ بلیک کافی پینا دل کی صحت کے لیے مفید ثابت ہو سکتا ہے، تاہم اس سے زیادہ مقدار میں کیفین کا استعمال نقصان دہ اثرات پیدا کر سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کافی میں موجود پولی فینولز نامی قدرتی مرکبات اس کے حفاظتی اثرات کی ایک بڑی وجہ ہو سکتے ہیں۔ اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور یہ مرکبات جسم میں سوزش کم کرنے، خون کی نالیوں کی کارکردگی بہتر بنانے اور خلیات کو نقصان پہنچانے والے مضر عناصر سے تحفظ فراہم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ جسم میں سوزش کئی بڑی بیماریوں، بشمول کینسر، کی بنیادی وجوہات میں شمار ہوتی ہے، جبکہ پولی فینولز اس خطرے کو کم کرنے میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔

محققین کے مطابق کیفین بھی بعض حفاظتی فوائد فراہم کرتی ہے، لیکن اس کے اثرات ہر فرد میں مختلف ہو سکتے ہیں۔ کیفین کی زیادہ مقدار دل کی دھڑکن تیز یا بے ترتیب کر سکتی ہے، بلڈ پریشر بڑھا سکتی ہے اور بعض صورتوں میں دل کے دورے کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔

یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے شعبۂ امراض قلب سے تعلق رکھنے والے تحقیقی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر گریگوری مارکوس نے کہا کہ کیفین دنیا بھر میں لاکھوں افراد کی روزمرہ زندگی کا حصہ ہے، لیکن اس کے استعمال میں اعتدال ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بعض مطالعات میں ایک سے تین کپ کافی پینے سے بلڈ پریشر میں اضافہ دیکھا گیا، تاہم روزانہ کافی پینے والے افراد میں ایٹریل فبریلیشن، یعنی دل کی بے ترتیب دھڑکن، کا خطرہ کم پایا گیا۔

2025 میں ہونے والی ایک الگ تحقیق میں بھی یہ سامنے آیا کہ مسلسل بے ترتیب دل کی دھڑکن کے شکار تقریباً 200 مریضوں میں کافی پینے والوں کے اندر اس کیفیت کے دوبارہ ظاہر ہونے کا امکان نمایاں طور پر کم تھا۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ بلیک کافی کے ممکنہ فوائد سے فائدہ اٹھانے کے لیے اس میں چینی، کریم یا مصنوعی فلیورز شامل کرنے سے گریز کیا جائے اور کیفین کا استعمال ہمیشہ اعتدال میں رکھا جائے۔

نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

پاکستان مہنگی ترین ایل این جی خریدنے پر مجبور

آبنائے ہرمز کی دوبارہ بندش اور قطر سے طویل المدتی معاہدوں کے تحت ایل این …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے