
غیرملکی وفود کی آمدورفت کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج مختلف اوقات کے دوران اہم شاہراہوں پر ٹریفک ڈائیورشنز نافذ کیے جائیں گے۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے اور سفر کے لیے اضافی وقت رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق کلب روڈ سے کشمیر چوک اور سرینا چوک سے زیرو پوائنٹ تک مختلف اوقات میں ٹریفک کی آمدورفت محدود رہے گی، جس کے باعث گاڑیوں کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔
پولیس نے بتایا کہ بھارہ کہو اور ترامڑی پارک روڈ سے اسلام آباد آنے والے شہری مری روڈ، فیض آباد اور اسلام آباد ایکسپریس ہائی وے استعمال کریں۔ اسی طرح سری نگر ہائی وے سے سرینا ہوٹل اور ریڈ زون جانے والے افراد فیصل ایونیو کے ذریعے اپنی منزل تک پہنچ سکتے ہیں۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی روانگی معمول سے 20 سے 25 منٹ پہلے یقینی بنائیں تاکہ ممکنہ ٹریفک دباؤ اور تاخیر سے بچا جا سکے۔
پولیس کے مطابق ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی رہنمائی کے لیے مختلف مقامات پر ٹریفک افسران تعینات ہوں گے۔ شہری تازہ ترین ٹریفک صورتحال اور متبادل راستوں سے متعلق معلومات کے لیے اسلام آباد پولیس کے سرکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے بھی آگاہی حاصل کر سکتے ہیں۔
UrduLead UrduLead