بدھ , جولائی 22 2026

ملک بھر میں موسلا دھار بارشوں کا الرٹ

شہری سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

محکمہ موسمیات نے آج رات سے بدھ تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں شدید مون سون بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہری سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، فلیش فلڈ اور تیز ہواؤں سے نقصانات کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو چکی ہیں اور مزید شدت اختیار کریں گی، جبکہ مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ بھی بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کرے گا، جس کے باعث بارشوں کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔

آج رات سے بدھ تک خیبرپختونخوا، کشمیر، اسلام آباد، پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ہے۔ کئی مقامات پر موسلا دھار اور بعض علاقوں میں انتہائی شدید بارش بھی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ کشمیر، مری، گلیات، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، ڈیرہ غازی خان کے برساتی نالوں اور شمال مشرقی بلوچستان میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔

شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ملتان اور فیصل آباد میں شہری سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ نے مزید خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں، آندھی اور آسمانی بجلی کمزور عمارتوں، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور دیگر کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش گوجرانوالہ میں 209 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ نارووال میں 151، جہلم میں 101، سیالکوٹ ایئرپورٹ پر 101، منڈی بہاؤالدین میں 94، منگلا میں 90، مری میں 75، پشاور شہر میں 74 اور چراٹ میں 84 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

دوسری جانب ملک کے جنوبی علاقوں میں شدید گرمی برقرار رہی، جہاں نوکنڈی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ، دالبندین میں 47 اور سبی میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

گیس گردشی قرض پر آئی ایم ایف کی نئی شرائط

سرکاری گیس کمپنیوں کے نقصانات بُک کرنے کی تجویز گیس سیکٹر کے بڑھتے ہوئے گردشی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے