Related Articles

بدھ تک موسلا دھار بارشوں، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری
محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بدھ تک شدید بارشوں، آندھی، گرج چمک، شہری سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈنگ کا الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو چکی ہیں اور ان کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے، جبکہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ بھی بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کرے گا۔
پیش گوئی کے مطابق خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، اسلام آباد، پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے بارش، آندھی اور گرج چمک کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار اور کہیں کہیں انتہائی شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بالائی خیبر پختونخوا کے اضلاع دیر، چترال، سوات، کوہستان، بونیر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جس سے اہم شاہراہیں عارضی طور پر بند ہو سکتی ہیں۔
اسی طرح کشمیر، مری و گلیات، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی نالوں اور شمال مشرقی بلوچستان میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ملتان اور فیصل آباد میں شدید بارشوں کے دوران شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید کہا ہے کہ تیز ہوائیں، آندھی، گرج چمک اور موسلا دھار بارشیں کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں، سولر پینلز، بل بورڈز اور دیگر تنصیبات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، لہٰذا شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مری میں سب سے زیادہ 106 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ بالاکوٹ میں 57 ملی میٹر، کاکول میں 56 ملی میٹر، مالم جبہ میں 54 ملی میٹر، کوٹلی میں 29 ملی میٹر اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں 12 سے 28 ملی میٹر تک بارش ہوئی۔
دوسری جانب ملک کے جنوبی علاقوں میں شدید گرمی اور حبس برقرار ہے۔ آج ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے مطابق نوکنڈی میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دالبندین 48 اور سبی میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا
UrduLead UrduLead