
ملک بھر میں موسلادھار بارشوں، شہری سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری
محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مون سون کے ایک نئے اور طاقتور سلسلے کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 18 جولائی سے 25 جولائی کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث شہری سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی اور کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے آنے والی مون سون ہوائیں مسلسل ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جبکہ پیر کے روز ایک مغربی ہوائی سلسلہ بھی شمالی علاقوں میں داخل ہوگا، جس سے بارشوں کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
کشمیر میں شدید بارشوں کی پیش گوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق 18 جولائی کی شام سے 25 جولائی تک مظفرآباد، نیلم ویلی، راولاکوٹ، پونچھ، باغ، حویلی، ہٹیاں بالا، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوں گی، جبکہ بعض مقامات پر شدید سے انتہائی شدید بارش کا امکان بھی موجود ہے۔
خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشیں
19 سے 23 جولائی کے دوران دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کرم، کوہاٹ، ہنگو، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، وزیرستان، خیبر، مہمند، باجوڑ، اورکزئی، کرک، ٹانک اور لکی مروت سمیت مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پنجاب اور اسلام آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ
محکمہ موسمیات کے مطابق 19 سے 23 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ اور اوکاڑہ میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
اسی طرح 20 سے 24 جولائی کے دوران بھکر، میانوالی، لیہ، نورپور تھل، بہاولپور، بہاولنگر، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، رحیم یار خان، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
گلگت بلتستان اور بلوچستان بھی متاثر ہوں گے
گلگت بلتستان کے اضلاع دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں 18 سے 25 جولائی تک درمیانی سے شدید بارشوں کا امکان ہے۔
بلوچستان کے شمالی اور شمال مشرقی اضلاع ژوب، شیرانی، لورالائی، کوہلو، سبی، نصیر آباد، جھل مگسی، جعفر آباد، بارکھان، ڈیرہ بگٹی اور خضدار میں 19 سے 23 جولائی کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔
سندھ میں گرمی برقرار، چند علاقوں میں بارش کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر علاقوں میں گرم اور مرطوب موسم برقرار رہے گا، تاہم 20 سے 24 جولائی کے دوران تھرپارکر، مٹھی، سکھر، لاڑکانہ، شکارپور، دادو اور جیکب آباد میں کہیں کہیں بارش اور آندھی چلنے کا امکان ہے۔
شہری سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈ کا خدشہ
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث:
- اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ملتان اور پشاور میں 20 سے 23 جولائی کے دوران شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) پیدا ہو سکتی ہے۔
- کشمیر، مری، گلیات، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں 20 سے 25 جولائی کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
- کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی نالوں اور شمال مشرقی بلوچستان میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
- تیز ہوائیں اور آسمانی بجلی کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، سولر پینلز اور اشتہاری بورڈز کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے سیاحوں، مسافروں اور کسانوں کو احتیاط برتنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسمی صورتحال کے مطابق اپنی سرگرمیاں ترتیب دینے کا مشورہ دیا ہے، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھتے ہوئے ہر وقت الرٹ رہیں۔
UrduLead UrduLead