بدھ , جولائی 15 2026

بلوچستان میں درجہ حرارت 48 ڈگری تک جانے کا امکان

محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز کے لیے موسم کی تازہ پیش گوئی جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں شدید گرمی اور خشک موسم برقرار رہے گا، جبکہ شمالی علاقوں میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، سرگودھا اور ڈی جی خان سمیت مختلف شہروں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ لاہور میں منگل کے روز کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

سندھ میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ نواب شاہ، سکھر، دادو اور موہنجو داڑو میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ کراچی میں سمندری ہواؤں کے باعث موسم نسبتاً معتدل رہے گا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

بلوچستان شدید گرمی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق تربت میں پارہ 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ سبی اور نوکنڈی میں بھی 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ گوادر اور جیوانی میں جزوی طور پر ابر آلود موسم متوقع ہے۔

خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں چترال، دیر، مالم جبہ اور سیدو شریف میں منگل کے روز گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ پشاور، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

گلگت بلتستان کے گوپس، بنجی، چلاس، بابوسر اور استور سمیت مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے مظفرآباد، راولاکوٹ، گڑھی دوپٹہ اور مری میں بھی منگل اور جمعرات کے دوران بارش متوقع ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم اور اٹک میں موسم زیادہ تر گرم اور خشک رہے گا، جہاں درجہ حرارت 36 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو شدید گرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھا جائے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

گرمی دانوں سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر

مون سون کے موسم میں بڑھتی ہوئی گرمی اور نمی کے باعث ملک بھر میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے