بدھ , جولائی 15 2026

گرمی دانوں سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر

مون سون کے موسم میں بڑھتی ہوئی گرمی اور نمی کے باعث ملک بھر میں گرمی دانوں (پرِکلی ہیٹ) کے کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق شدید پسینہ آنے اور جلد کے مسام بند ہونے سے پیدا ہونے والا یہ مسئلہ بچوں، بزرگوں اور نوجوانوں سمیت ہر عمر کے افراد کو متاثر کر سکتا ہے۔

جلد کے ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمی دانوں کی وجہ سے جلد پر سرخ دانے، خارش، جلن اور تکلیف محسوس ہوتی ہے۔ خاص طور پر ایسے افراد جو زیادہ دیر تک گرم اور مرطوب ماحول میں رہتے ہیں یا مصنوعی کپڑے استعمال کرتے ہیں، ان میں اس بیماری کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ مون سون کے دوران جسم کو ٹھنڈا رکھنے کی کوشش کریں، دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور ایئرکنڈیشنر، پنکھے یا مناسب ہوادار جگہ کا استعمال کریں۔

ڈاکٹروں کے مطابق ہلکے، ڈھیلے اور سوتی کپڑے پہننا گرمی دانوں سے بچاؤ کا مؤثر طریقہ ہے کیونکہ ایسے کپڑے پسینہ جذب کرتے ہیں اور جلد کو سانس لینے کا موقع دیتے ہیں، جبکہ نائلون اور دیگر مصنوعی کپڑوں سے حتیٰ الامکان پرہیز کرنا چاہیے۔

ماہرین نے جلد کو صاف اور خشک رکھنے پر بھی زور دیا ہے۔ ان کے مطابق روزانہ ٹھنڈے پانی سے نہانا، پسینہ آنے کے بعد جلد کو خشک کرنا اور ضرورت کے مطابق ٹالکم پاؤڈر یا کارن اسٹارچ کا استعمال فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔

صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ جسم میں پانی کی کمی بھی گرمی کے اثرات کو بڑھا سکتی ہے، اس لیے دن بھر مناسب مقدار میں پانی پینا ضروری ہے تاکہ جسم کا درجہ حرارت متوازن رہے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ موٹے موئسچرائزر، آئلی کریمیں اور بعض لوشنز جلد کے مسام بند کر سکتے ہیں، اس لیے گرمی کے موسم میں ان کا استعمال محدود رکھا جائے۔

بچوں کے حوالے سے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ والدین انہیں ضرورت سے زیادہ کپڑے نہ پہنائیں اور ان کی جلد کو خشک اور صاف رکھنے کا خاص اہتمام کریں تاکہ گرمی دانوں سے محفوظ رہا جا سکے۔

ماہرین نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر گرمی دانوں کے ساتھ بخار، شدید سوزش، پیپ یا مسلسل تکلیف کی علامات ظاہر ہوں تو خود علاج کرنے کے بجائے فوری طور پر مستند ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔

ماہرین کے مطابق چند آسان احتیاطی تدابیر اختیار کر کے مون سون کے موسم میں گرمی دانوں سے بڑی حد تک بچاؤ ممکن ہے اور صحت مند طرز زندگی برقرار رکھا جا سکتا ہے۔

نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

بلوچستان میں درجہ حرارت 48 ڈگری تک جانے کا امکان

محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز کے لیے موسم کی تازہ پیش گوئی جاری کرتے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے