
پاکستان ادارہ شماریات (پی بی ایس) نے جون 2026 کے مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق صارف قیمت اشاریہ (سی پی آئی) کی بنیاد پر سالانہ مہنگائی کی شرح 11.1 فیصد رہی، جو مئی 2026 میں ریکارڈ کیے گئے 11.7 فیصد کے مقابلے میں معمولی کم ہے، تاہم گزشتہ سال جون میں یہ شرح صرف 3.2 فیصد تھی۔
ادارہ شماریات کے مطابق جون 2026 میں ماہانہ بنیاد پر مہنگائی میں 0.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ مئی میں ماہانہ مہنگائی 0.5 فیصد بڑھی تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق شہری علاقوں میں سالانہ مہنگائی کی شرح 11.2 فیصد رہی، جو مئی میں 11.8 فیصد تھی، جبکہ دیہی علاقوں میں سالانہ مہنگائی 10.9 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ ماہ 11.5 فیصد تھی۔
رپورٹ کے مطابق شہری علاقوں میں ماہانہ بنیاد پر مہنگائی میں 0.5 فیصد کمی آئی، جبکہ دیہی علاقوں میں قیمتوں میں کوئی نمایاں تبدیلی ریکارڈ نہیں کی گئی۔
حساس قیمتوں کے اشاریے (ایس پی آئی) کے مطابق سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح بڑھ کر 12.8 فیصد ہو گئی، جو مئی میں 12 فیصد تھی۔ تاہم ماہانہ بنیاد پر ایس پی آئی میں 0.7 فیصد اضافہ برقرار رہا۔
ادھر تھوک قیمتوں کے اشاریے (ڈبلیو پی آئی) کے مطابق سالانہ مہنگائی کی شرح 10.7 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ ماہ 12.7 فیصد تھی۔ ماہانہ بنیاد پر تھوک قیمتوں میں 1.2 فیصد کمی دیکھی گئی، جو مئی میں 0.8 فیصد کمی کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگرچہ جون میں ماہانہ بنیاد پر قیمتوں میں معمولی کمی آئی، تاہم سالانہ مہنگائی کی شرح بدستور دو ہندسوں میں برقرار ہے، جس سے صارفین پر مہنگائی کا دباؤ جاری ہے۔
UrduLead UrduLead