
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے بیرون ملک میڈیکل اور ڈینٹل اداروں میں داخلہ لینے کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کے لیے نئی پالیسی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں، جن پر تعلیمی سیشن 2024-25 سے عمل درآمد ہوگا۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق پاکستان سے انٹرمیڈیٹ (پری میڈیکل) کرنے والے طلبہ کے لیے کم از کم 60 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ اس کے علاوہ طلبہ کو پاکستان میں منعقد ہونے والے ایم ڈی کیٹ (MDCAT) میں کم از کم 50 فیصد نمبر حاصل کرنا بھی ضروری ہوگا۔
کونسل کے مطابق بیرون ملک سے تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے لیے ایس اے ٹی II میں ہر مضمون میں کم از کم 550 نمبر یا غیر ملکی ایم کیٹ/یوکیٹ امتحان میں کامیابی کے ساتھ حیاتیات، کیمسٹری اور ریاضی یا فزکس میں کم از کم 50 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
پی ایم ڈی سی نے ہدایت کی ہے کہ طلبہ صرف انہی غیر ملکی میڈیکل اداروں میں داخلہ لیں جو ایجوکیشنل کمیشن فار فارن میڈیکل گریجویٹس (ECFMG) کی منظور شدہ فہرست میں شامل ہوں۔ ڈگری لازمی طور پر ایلوپیتھک میڈیسن کی ہو اور متعلقہ ملک کے ریگولیٹری ادارے سے تسلیم شدہ ادارے کی جانب سے جاری کی گئی ہو۔
کونسل نے واضح کیا ہے کہ بیرون ملک روانگی سے قبل طلبہ کو پی ایم ڈی سی کے آن لائن پورٹل کے ذریعے مفت “اسٹوڈنٹ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ” حاصل کرنا ہوگا۔
گائیڈ لائنز کے مطابق میڈیکل پروگرام کم از کم پانچ سال پر مشتمل ہو، جس میں 6,200 تدریسی گھنٹے اور 80 فیصد لازمی حاضری شامل ہو۔ اگر متعلقہ ملک میں ذریعہ تعلیم انگریزی نہیں ہے تو طلبہ کو کم از کم چھ ماہ مقامی زبان سیکھنا بھی لازمی ہوگا۔
پی ایم ڈی سی نے مزید کہا ہے کہ بیرون ملک سے میڈیکل ڈگری مکمل کرنے والے تمام طلبہ کو پاکستان میں پریکٹس کے لیے نیشنل رجسٹریشن ایگزامینیشن (NRE) پاس کرنا ہوگی۔ امتحان میں شرکت کے وقت مکمل تعلیمی مدت کے لیے کارآمد ملٹی پل انٹری اینڈ ایگزٹ ویزا بھی پیش کرنا لازم ہوگا۔
کونسل نے خبردار کیا ہے کہ جو طلبہ ان شرائط پر عمل نہیں کریں گے، وہ نیشنل رجسٹریشن ایگزامینیشن میں شرکت کے اہل نہیں ہوں گے اور پاکستان میں بطور ڈاکٹر یا ڈینٹسٹ رجسٹریشن حاصل نہیں کر سکیں گے۔
UrduLead UrduLead