جمعہ , جولائی 3 2026

PTI کا آزاد کشمیر انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان

الیکشن کمیشن نے پولنگ شیڈول کے مطابق کرانے کا اعادہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی اور انتظامی حالات میں وہ انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔

پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بائیکاٹ کا فیصلہ کسی سیاسی فائدے یا نقصان کو مدنظر رکھ کر نہیں بلکہ کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور جمہوری اقدار کے احترام کے تحت کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے مطابق جب تک آزاد کشمیر میں عوام کو آزاد، منصفانہ اور پُرامن سیاسی ماحول میسر نہیں آتا، پارٹی انتخابی عمل میں شرکت نہیں کرے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر اس وقت ایک سنگین صورتحال سے دوچار ہے، جہاں راولاکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں ہزاروں افراد اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج اور دھرنے دے رہے ہیں، جبکہ پنجاب سے آزاد کشمیر کو اشیائے خور و نوش کی ترسیل بھی متاثر ہو چکی ہے۔

پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا کہ کشمیری عوام کو مزید سیاسی بے یقینی کا شکار بنانے کے بجائے ان کے مسائل کا فوری اور پائیدار حل تلاش کیا جانا چاہیے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے واضح کیا ہے کہ عام انتخابات 27 جولائی کو پہلے سے جاری شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی آئینی مدت مکمل ہونے اور قانونی تقاضوں کے پیش نظر 5 جون کو انتخابی شیڈول جاری کیا گیا تھا۔

ترجمان نے انتخابات کے التوا سے متعلق گردش کرنے والی خبروں اور قیاس آرائیوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتخابی شیڈول مکمل طور پر آئینی اور قانونی تقاضوں کے مطابق جاری کیا گیا ہے اور اس کے پیچھے کسی سیاسی مقصد یا بدنیتی کا کوئی عنصر شامل نہیں۔

الیکشن کمیشن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزاد کشمیر میں شفاف، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا اور تمام آئینی ذمہ داریاں بروقت پوری کی جائیں گی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

مالی سال 2025-26 میں تجارتی خسارہ 39.47 ارب ڈالر

ایک سال میں 21.6 فیصد اضافہ پاکستان کا تجارتی خسارہ مالی سال 2025-26 کے دوران …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے