منگل , جون 9 2026

GB انتخابات: پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت

حکومت سازی کے لیے آزاد امیدوار فیصلہ کن

گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات میں غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، تاہم کسی بھی جماعت کو واضح اکثریت حاصل نہ ہونے کے باعث حکومت سازی کے لیے آزاد امیدواروں کی حمایت فیصلہ کن حیثیت اختیار کر گئی ہے۔

ابتدائی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے 10 نشستیں حاصل کی ہیں، جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) 6 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ امیدواروں نے 2 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، جبکہ مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) ایک نشست جیتنے میں کامیاب رہی۔

انتخابی نتائج کے بعد اسمبلی میں موجود پانچ آزاد امیدواروں کی اہمیت بڑھ گئی ہے، کیونکہ کسی بھی جماعت کے پاس حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ اکثریت موجود نہیں۔ سیاسی مبصرین کے مطابق آنے والے دنوں میں آزاد ارکان کی حمایت حاصل کرنے کے لیے سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آنے کا امکان ہے۔

ضلع گلگت میں بھی اہم سیاسی شخصیات نے اپنی اپنی نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ حلقہ گلگت-1 سے سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما حافظ حفیظ الرحمٰن بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے، جبکہ گلگت-2 کی نشست پر پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر امجد حسین ایڈووکیٹ نے کامیابی حاصل کی۔

دریں اثنا، چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے بعض حلقوں میں انتخابی عمل سے متعلق اعتراضات پر پانچ پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم دے دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق حلقہ جی بی اے-15 کے ایک اور جی بی اے-16 کے چار پولنگ اسٹیشنوں پر 15 جون کو دوبارہ پولنگ ہوگی۔ یہ فیصلہ شکست خوردہ امیدواروں کی جانب سے دائر درخواستوں کے بعد کیا گیا، جن میں پولنگ کے عمل پر اعتراضات اٹھائے گئے تھے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ دوبارہ پولنگ کے نتائج بعض نشستوں کی صورتحال پر اثر انداز ہو سکتے ہیں، تاہم مجموعی طور پر پیپلز پارٹی اس وقت اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت کی حیثیت سے حکومت سازی کی پوزیشن میں دکھائی دے رہی ہے۔ آزاد امیدواروں کی حمایت حاصل کرنے والی جماعت کے پاس آئندہ حکومت بنانے کے امکانات زیادہ ہوں گے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

وفاقی بجٹ مؤخر، نئی تاریخ کا اعلان آج متوقع

وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کا بجٹ 10 جون کو پیش نہ کرنے کا …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے