شہریوں کو احتیاط کی ہدایت

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی، تیز ہواؤں، ژالہ باری اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، کشمیر، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، بالائی اور وسطی پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کا امکان ہے۔ دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دوپہر کے اوقات میں گرد آلود ہوائیں اور آندھی چلنے کی توقع ہے۔
موسمیاتی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ تیز آندھی، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کمزور تعمیرات، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں، اشتہاری بورڈز اور دیگر عارضی ڈھانچوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور کھلے مقامات پر احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہا۔ تاہم پوٹھوہار ریجن، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر بارش اور گرج چمک کے واقعات ریکارڈ کیے گئے۔
بارش کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں لاہور ایئرپورٹ پر 49 ملی میٹر، لاہور شہر میں 5 ملی میٹر، نارووال میں 48 ملی میٹر اور اٹک میں 11 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ کشمیر میں راولاکوٹ میں 4 ملی میٹر، مظفرآباد شہر اور ایئرپورٹ پر 3، 3 ملی میٹر، گڑھی دوپٹہ میں 3 اور کوٹلی میں ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔
خیبرپختونخوا میں بالاکوٹ میں 4 ملی میٹر اور کاکول میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ گلگت بلتستان کے علاقے گوپس میں ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔
ادھر ملک کے جنوبی اور میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں دادو 51 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ سرفہرست رہا، جبکہ سبی میں 50 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح شہید بینظیر آباد، جیکب آباد، تربت، پڈعیدن اور لاڑکانہ میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جس سے معمولات زندگی متاثر ہوئے اور شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بعض علاقوں میں موسمی صورتحال مزید شدت اختیار کر سکتی ہے، لہٰذا متعلقہ ادارے اور شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
UrduLead UrduLead