ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار

محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کئی ڈگری زیادہ رہ سکتا ہے، جبکہ شمالی اور پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، سرگودھا، اٹک، جہلم اور چکوال سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں دن کا درجہ حرارت 42 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ بدھ اور جمعرات کے روز بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش بھی متوقع ہے، تاہم گرمی کی شدت میں نمایاں کمی کا امکان نہیں۔
خیبر پختونخوا میں پشاور، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے جہاں درجہ حرارت 44 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ چترال، دیر، کالام، مالم جبہ، سوات اور کاکول سمیت بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے مقامی طور پر موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں بشمول گلگت، اسکردو، استور، ہنزہ، چلاس، گپس، بابوسر، راولاکوٹ اور مظفرآباد میں آئندہ دو روز کے دوران گرج چمک اور بارش متوقع ہے۔ ان علاقوں میں درجہ حرارت نسبتاً معتدل رہے گا، تاہم بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
سندھ میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، جبکہ حیدرآباد، سکھر، نواب شاہ، موہنجودڑو اور دادو میں پارہ 45 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ دادو اور سکھر ملک کے گرم ترین علاقوں میں شامل رہیں گے۔
بلوچستان میں بھی شدید گرمی کا راج برقرار رہے گا۔ سبی میں درجہ حرارت 50 سے 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ تربت میں 48 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ اور نوکنڈی میں 41 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ کوئٹہ، گوادر اور قلات میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں اور بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں۔ ماہرین کے مطابق شدید گرمی کے باعث بجلی کی طلب میں مزید اضافہ اور پانی کی قلت کے مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔
موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ گرمی کی لہر آئندہ چند روز تک برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ شمالی علاقوں میں بارش اور گرج چمک کے باعث مقامی سطح پر موسم میں عارضی بہتری آ سکتی ہے۔
UrduLead UrduLead