کئی شہروں میں پارہ 49 ڈگری تک پہنچ گیا

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں 9 جون سے 12 جون تک شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی، جبکہ درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہے گا، جبکہ جنوبی اور زیریں علاقوں میں درجہ حرارت 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بدھ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرمی کا راج برقرار رہے گا۔ تاہم کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر حصوں میں شدید گرم اور خشک موسم ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سبی میں ملک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح نورپور تھل اور دادو میں پارہ 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جبکہ اوکاڑہ، بھکر، جیکب آباد، سکھر، روہڑی، خیرپور، تربت اور موہنجو داڑو میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے باعث ہیٹ اسٹروک، پانی کی کمی اور دیگر موسمی بیماریوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ دن کے اوقات میں براہ راست سورج کی روشنی سے بچیں، ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں اور زیادہ سے زیادہ پانی اور مشروبات کا استعمال کریں تاکہ گرمی کی شدت کے منفی اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔
UrduLead UrduLead