پارہ 51 ڈگری تک جانے کا امکان

محکمہ موسمیات پاکستان نے ملک کے مختلف حصوں میں 7 جون سے 12 جون تک شدید گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بعض علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے، جبکہ سندھ اور بلوچستان کے چند اضلاع میں پارہ 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی فضاؤں میں 8 جون سے ایک طاقتور ہائی پریشر سسٹم بننے کا امکان ہے جو 11 جون تک برقرار رہے گا۔ اسی موسمی نظام کے زیر اثر ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر محسوس کی جائے گی۔
خیبر پختونخوا میں پشاور، مردان، بنوں، کرک، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 8 سے 11 جون کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے، جبکہ چترال، دیر، سوات اور گلگت بلتستان میں بھی درجہ حرارت 37 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
پنجاب اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بھی شدید گرمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، میرپور، بھمبر، کوٹلی، باغ اور مظفرآباد میں 8 سے 10 جون کے دوران درجہ حرارت 41 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
اسی طرح لاہور، اوکاڑہ، قصور، فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، پاکپتن، رحیم یار خان، راجن پور، بہاولپور، بہاولنگر، بھکر، لیہ اور کوٹ ادو سمیت جنوبی و وسطی پنجاب کے متعدد اضلاع میں 8 سے 11 جون تک پارہ 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے کئی علاقے شدید ترین گرمی کی لپیٹ میں آئیں گے۔ سکھر، شکارپور، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، موہنجودڑو، دادو، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، خیرپور، نوشہروفیروز، سبی، تربت اور پنجگور میں 7 سے 12 جون کے دوران درجہ حرارت 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کراچی میں بھی موسم انتہائی گرم رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جہاں 8 سے 12 جون کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے، جبکہ رات کے اوقات میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث جنوبی پنجاب اور سندھ کے بعض علاقوں میں گرد آلود ہوائیں اور دھول بھری آندھیاں بھی چل سکتی ہیں۔
ادارے نے عوام، خصوصاً بچوں، خواتین، بزرگوں اور مختلف امراض میں مبتلا افراد کو ہدایت کی ہے کہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کریں اور جسم کو ہائیڈریٹ رکھیں۔
کاشتکاروں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کریں اور مویشیوں کی مناسب دیکھ بھال کو یقینی بنائیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شدید گرمی کے باعث بجلی کی طلب میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، اس لیے شہریوں سے پانی اور توانائی کے محتاط استعمال کی اپیل کی گئی ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ موسمی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید الرٹس جاری کیے جائیں گے۔
UrduLead UrduLead