بالائی علاقوں میں بارش اور آندھی کا امکان

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش، آندھی اور گرج چمک کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور پنجاب کے چند علاقوں میں بارش اور گرج چمک کا سلسلہ ریکارڈ کیا گیا، تاہم ملک کے دیگر حصوں میں شدید گرمی اور خشک موسم برقرار رہا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقام مالم جبہ میں 25 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ دیر اور کالام میں 5، 5 ملی میٹر بارش ہوئی۔ کشمیر میں مظفرآباد سٹی میں 25 ملی میٹر اور مظفرآباد ایئرپورٹ پر 16 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح گلگت بلتستان کے علاقوں گپس میں 7 ملی میٹر، گلگت، بنجی اور بگروٹ میں 3، 3 ملی میٹر جبکہ بابوسر میں 2 ملی میٹر بارش ہوئی۔ پنجاب میں گجرات اور اوکاڑہ میں 4 ملی میٹر، حافظ آباد، ڈیرہ غازی خان، کروڑ (لیہ)، خانیوال اور شیخوپورہ میں 2، 2 ملی میٹر جبکہ منگلا، سیالکوٹ ایئرپورٹ اور گوجرانوالہ میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ تربت میں پارہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ دالبندین اور شہید بینظیر آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی کے پیش نظر غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں تاکہ ہیٹ ویو کے ممکنہ اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔
UrduLead UrduLead