بدھ , مئی 13 2026

اسلام آباد ہاؤسنگ فراڈ کیس میں شکنجہ مزید سخت

قومی احتساب بیورو (نیب) اسلام آباد/راولپنڈی نے اسلام آباد کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (ICHS) فراڈ کیس کی تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے مختلف دفاتر اور متعلقہ مقامات پر بیک وقت چھاپے مار کر حساس ریکارڈ، جعلی فائلیں اور ڈیجیٹل شواہد تحویل میں لے لیے ہیں۔

نیب ذرائع کے مطابق کارروائیوں کے دوران کمپیوٹر سسٹمز، ہارڈ ڈرائیوز، ڈیجیٹل اسٹوریج ڈیوائسز، ریکارڈنگ آلات، خالی اور دستخط شدہ اسٹامپ پیپرز سمیت بڑی تعداد میں اہم دستاویزات قبضے میں لی گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں جعلی فائلنگ، ریکارڈ ٹیمپرنگ، غیر قانونی الاٹمنٹس اور اربوں روپے کی مشکوک مالی ٹرانزیکشنز کے شواہد سامنے آئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان سے دورانِ تفتیش حاصل ہونے والی معلومات نے کیس کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ تحقیقات میں یہ انکشاف بھی ہوا کہ جعلی، زائد اور ڈپلیکیٹ فائلوں کے اجرا کا ایک منظم نیٹ ورک طویل عرصے تک سرگرم رہا، جس کے ذریعے شہریوں اور اوورسیز پاکستانیوں سے کروڑوں روپے وصول کیے گئے۔

نیب حکام نے بتایا کہ ضبط شدہ کمپیوٹرز اور ڈیجیٹل مواد کو فرانزک تجزیے کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے تاکہ مبینہ منی لانڈرنگ، مالی رقوم کی منتقلی، جعلی اندراجات اور ریکارڈ میں ردوبدل سے متعلق مزید شواہد حاصل کیے جا سکیں۔ متعدد اہم فائلیں اور ریکارڈ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر برآمد کیے گئے ہیں۔

تحقیقات کے دوران یہ پہلو بھی سامنے آیا کہ مذکورہ ہاؤسنگ منصوبہ ضلع اٹک کی تحصیل فتح جنگ میں واقع تھا، تاہم اسے 2004 میں اسلام آباد میں رجسٹرڈ کروایا گیا اور “اسلام آباد” کا نام استعمال کرتے ہوئے عوام کو سرمایہ کاری کی ترغیب دی گئی۔ نیب کے مطابق اس عمل کے ذریعے اربوں روپے کی مبینہ خرد برد کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر آفس نے 2022 میں سوسائٹی کی رجسٹریشن منسوخ کر دی تھی، تاہم بعد میں عدالت سے بحالی حاصل کر لی گئی۔ اب نیب مختلف ریگولیٹری، رجسٹریشن اور انتظامی پہلوؤں کا بھی تفصیلی جائزہ لے رہا ہے۔

نیب اسلام آباد نے اس معاملے پر دوبارہ ڈپٹی کمشنر آفس اسلام آباد، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (CDA) کو بھی مراسلے ارسال کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مزید قانونی کارروائی کی جا سکے۔

ادھر متاثرہ الاٹیز کی بڑی تعداد اپنی فائلوں کی تصدیق کے لیے نیب دفاتر سے رجوع کر رہی ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق جعلی اور ڈپلیکیٹ فائلوں کے حامل متعدد افراد نے شکایات بھی درج کرا دی ہیں جبکہ مختلف ٹیمیں متاثرین کے دعوؤں اور ریکارڈ کی جانچ پڑتال میں مصروف ہیں۔

واضح رہے کہ ICHS کیس میں پہلے ہی کئی گرفتاریاں ہو چکی ہیں جبکہ نیب نے عندیہ دیا ہے کہ تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ مالی بے ضابطگیوں، منی لانڈرنگ، جعلی فائلنگ اور ممکنہ سہولت کاروں کے کردار کو مکمل طور پر بے نقاب کیا جا سکے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

مالی خسارہ 9 ماہ میں 856 ارب روپے تک پہنچ گیا

مالی سال 2025-26 کی تیسری سہ ماہی میں پاکستان کی مالی صورتحال شدید دباؤ کا …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے