
ڈھاکا میں جاری پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز میزبان ٹیم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز بنا لیے ہیں۔
پہلے دن کے اختتام پر مشفق الرحیم 48 اور لٹن داس 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، جبکہ بنگلہ دیشی بلے بازوں نے پاکستانی بولرز کو زیادہ کامیابیاں حاصل کرنے کا موقع نہیں دیا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے کپتان نجم الحسن شنتو نے ذمہ دارانہ سنچری اسکور کرتے ہوئے 101 رنز بنائے، جبکہ مومن الحق 91 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ دیگر آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں محمود الحسن جوائے 8 اور شادمان اسلام 13 رنز شامل تھے۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا، تاہم بنگلہ دیشی بلے بازوں نے اس فیصلے کو غلط ثابت کرتے ہوئے مضبوط آغاز فراہم کیا۔
پاکستان کی جانب سے نوجوان کھلاڑی اذان اویس اور عبداللہ فضل نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کو پہلی مرتبہ قومی ٹیسٹ ٹیم میں نمائندگی کا موقع ملا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم گھٹنے کی انجری کے باعث اس میچ میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہیں، جس سے بیٹنگ لائن اپ کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 16 مئی سے سلہٹ میں کھیلا جائے گا۔
UrduLead UrduLead