
لسترہ سال کے طویل وقفے کے بعد لاہور ایک بار پھر بسنت کے رنگوں سے سج اٹھا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے طے کردہ حفاظتی ضوابط کے تحت تاریخی پتنگ بازی کے تہوار کی دوبارہ اجازت ملنے پر شہر بھر میں جوش و خروش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ تین روزہ بسنت میلے نے نہ صرف لاہور بلکہ دیگر شہروں سے آنے والے شہریوں کو بھی اپنی جانب متوجہ کر لیا ہے۔
لاہور کی قدیم گلیوں، فصیل بند شہر سے لے کر جدید ہاؤسنگ سوسائٹیز اور کشادہ میدانوں تک آسمان رنگ برنگی پتنگوں سے بھر گیا ہے۔ موسیقی، آتش بازی اور خوشیوں بھری آوازوں نے ماحول کو زندہ دل بنا دیا ہے، جبکہ نوجوان نسل پہلی بار بسنت کے اصل رنگ دیکھ کر خاصی پُرجوش نظر آ رہی ہے۔
بسنت کی خوشیوں میں عام شہریوں کے ساتھ ساتھ شوبز ستارے اور سوشل میڈیا شخصیات بھی بھرپور انداز میں شریک ہو رہی ہیں۔ مزاحیہ گلوکاری سے شہرت پانے والے چاہت فتح علی خان بسنت منانے کے لیے لاہور پہنچے، جہاں پتنگ تھامے رقص کی ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ ویڈیو میں ان کے شوخ اور پرجوش انداز نے صارفین کو خوب محظوظ کیا، جبکہ کئی افراد نے ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔
Pakistani stage actresses enjoying Basant in own way#BasantFestival #PhirAaiBasant #Basant2026 pic.twitter.com/HddaNHX3UD
— Robina Liyaqat (@RooBinA_LiYaQat) February 7, 2026
بسنت کے موقع پر چاہت فتح علی خان نے اپنا نیا گانا ’’بندے باریاں ہیں‘‘ بھی یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ریلیز کیا۔ گانا سامنے آتے ہی صارفین کی جانب سے ملے جلے ردِعمل دیکھنے میں آئے، کچھ نے اسے تفریحی قرار دیا جبکہ بعض نے معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی کے گیت سے مماثلت پر تبصرے کیے۔
معروف اداکار عمران اشرف اور اسامہ خان بھی اپنی چھتوں پر پتنگ بازی کرتے نظر آئے، جن کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں۔ اداکارہ فضا علی نے بھی بسنت کے رنگ میں رنگی تصاویر شیئر کیں، جن میں وہ مسکراتے ہوئے پتنگ تھامے دکھائی دیں۔
قومی کرکٹر حسن علی بھی اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کے ہمراہ بسنت کی خوشیوں سے لطف اندوز ہوتے دکھائی دیے۔ اداکارہ عائزہ خان نے اپنی چھت سے تصاویر شیئر کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ وہ پتنگ اڑانے میں کامیاب نہ ہو سکیں، اس لیے فوٹو شوٹ کروا لیا۔
تاہم عائزہ خان نے اس موقع پر مداحوں کو ایک اہم پیغام بھی دیا کہ بسنت ضرور منائیں، مگر انسانوں، جانوروں اور ماحول کا خیال رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
پاکستانی سیلیبریٹیز کی بسنت مناتے ہوئے تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہی ہیں، جبکہ مداح اپنے پسندیدہ ستاروں کو اس ثقافتی تہوار سے لطف اندوز ہوتے دیکھ کر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔
UrduLead UrduLead